لاہور (سپیشل رپورٹر) مونس الہٰی کے قریبی دوست فاران خان کی بازیابی کیلئے اس کے بھائی سلمان ظہیر نے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ چیف جسٹس امیر بھٹی نے سماعت سے معذرت کرتے ہو ئے درخواست جسٹس عالیہ نیلم کو بھجوا دی ہے۔ جسٹس عالیہ نیلم نے سماعت کرتے ہوئے سی سی پی او کو مغوی فاران خان کو بازیاب کر کے آج منگل کو پیش کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ ایف آئی اے نے رپورٹ میں موقف اپنایا کہ احمد فاران خان کو گرفتار نہیں کیا ہے نہ وہ ہماری تحویل میں ہیں۔ درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ تین جنوری کو بیرون ملک دوروں، سرمایہ کاری کا تمام ریکارڈ طلب کیا تھا۔ ایف آئی ا ے سے تمام ریکارڈ پیش کرنے کیلئے چند دن کی مہلت طلب کی تھی۔ مہلت کی استدعا کے باوجود احمد فاران خان کو چند نامعلوم گاڑیوں میں سوار افراد نے اغوا کر لیا ہے۔ بازیابی کیلئے مقدمہ بھی درج کروایا گیا ہے، تاحال احمد فاران کے متعلق کوئی علم نہیں ہے، اسے کہاں رکھا گیا ہے۔ وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے ساتھ سیاسی محاذ آرائی میں ہے۔ پنجاب میں حکمران جماعت سے تعلق رکھنے والوں افراد کو نیب اور ایف آئی اے کے ذریعے ہراساں کیا جا رہا ہے۔ استدعا ہے کہ احمد فاران خان کو بازیاب کر کے پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔
مونس کا دوست گرفتار نہیں کیا، ایف آئی اے، چیف جسٹس ہائیکورٹ کی سماعت سے معذرت
Jan 10, 2023