لاہور (نیوز رپورٹر) مشیرِ داخلہ و اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے محکمہ جیل خانہ جات میں کرپشن اور بدعنوانی کے مکمل خاتمے کیلئے جیل حکام کو بڑا ٹاسک دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جیل خانہ جات کے تمام شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کرپشن کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی کو اپنایا جائے گا اور محکمہ جیل خانہ جات کے کرپٹ عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی اور ملازمت سے برطرف کر دیا جائے گا۔ عمر سرفراز چیمہ نے مزید کہا کہ پنجاب بھر میں جیلوں کے نظام کو مکمل طور پر جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جا رہا ہے جس کے ذریعے جیل خانہ جات کے ملازمین کی خفیہ اور جدید ذرائع سے نگرانی کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار مشیرِ داخلہ و اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے جیل اصلاحات کے حوالے سے اہم میٹنگ کی صدارت کے دوران کیا۔ اس موقع پر مشیر داخلہ و اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے مزید کہا کہ سزا یافتہ قیدیوں کی ہیومن ریسورس اور سکلز سے استفادہ کیا جائے گا۔ فلاحی تنظیموں کے تعاون سے صوبہ بھر کی جیلوں میں مفت ادویات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جیلوں میں کھانے پینے کی اشیاء اور کینٹین کا معیار بہتر بنایا جائے۔
محکمہ جیل: کرپٹ عناصر کے خلاف ملازمت سے برطرفی سمیت سخت کارروائی ہوگی: عمر سرفراز
Jan 10, 2023