لاہور (خصوصی نامہ نگار) وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ جب سیاست بونوں کے ہاتھ میں چلی جائے تو فیصلے عدالتوں میں ہی جاتے ہیں۔ عدالتوں میں نظریہ ضرورت کے تحت فیصلے ہوں تو مسائل بڑھتے ہیں۔ عمران خان نے ملک کا حال برا کر دیا ہے۔ اس کی چار سال کی تباہی سے ہمارا موزانہ کریں۔ ابھی تک کے سات ماہ کو نہ دیکھیں اس سارے کھیل سے اصل فائدہ عمران خان کو مل رہا ہے، ہم اپنی سیاست داؤ پر لگا کر سب بھگت رہے ہیں، جب سیاست میں مذاکرات نہیں ہوں گے تو حالات ٹھیک نہیں ہوں گے، ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھ کر بات کرنی ہے تو ہی حل نکلے گا۔ پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پارلیمانی کی میٹنگ میں سب شریک تھے یہ سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا حمزہ شہباز جلد واپس آئیں گے۔