پنجاب کا وزیراعلیٰ بل سے باہر نکلے تو پتہ چلے باہر کیا ہو رہا: قمر زمان کائرہ 


لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر امور کشمیر اور شمالی علاقہ جات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ بھٹو کو ٹوٹا ہوا ملک اور بد دل قوم ملی تھی۔ حالات یقیننا مشکل ہیں اور مشکل حالات سے نکالنا پیپلز پارٹی کا ورثہ ہے۔ پیپلز پارٹی مفت تعلیم اور قانون سازی کرتی اور روزگار بھی دیتی ہے۔ قومیں اور جماعتیں اپنی عظیم شخصیات کے دن مناتی ہیں کہ یہ وہ شان ہے کہ گلی گلی میں بھٹو کے نعرے لگتے ہیں۔ 37برس بعد بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہیں۔ پیپلز پارٹی کو کبھی حکومت نہیں بحران ملتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ فور کے صدر امجد جٹ کے ڈیرے پر ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کے حوالے سے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پنجاب کا وزیر اعلی بل سے باہر نکلے تو پتہ چلے کہ باہر کیا ہو رہا ہے۔ صوبائی حکومتوں کو اپنی ذمہ داری پوری کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کا وزیر اعلی کیا کر رھا ہے، وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ اگلی نسل سراب دکھانے والوں سے بچے۔ عمران خان تم خواب نہیں سراب ہو،تم ادھارا لیا ہوا ٹانگہ ہو جسمیں مانگے تانگے کی سواریاں  لادی گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ گوداموں میں کروڑوں روپے کا مال پڑا ہے اور کہتے ہیں کہ مہنگائی ہو گئی ہے۔ ہم اس گروپ اور انڈسٹریلسٹ کا ساتھ دینگے جو عوام کے ساتھ ہو گا۔ بھٹو شہید نے پاکستان کو دنیا کے باوقار اقوام میں کھڑا کیا۔ خان صاحب کو کون سی گولی لگ گئی کہ اٹھتے نہیں۔ ہم عمران نہیں آسکتا کی سوچ کے خلاف ہیںعمران اور اس کے ہینڈلر ایک دوسرے کے کپڑے اتار رہے ہیں۔ کس طرح راتوں رات عمران مضبوط ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ آج اگر کوئی اپنی جماعت میں واپس آ رھا ہے تو خان صاحب پریشان ہیں۔ جب تک بلاول حکومت کا حصہ ہے ملک ڈیفالٹ کرے گا نہ قوم کرے گی۔ بلاول بھٹو کے وزیر خارجہ بننے کے بعد پوری دنیا آپ کے ساتھ ہے۔ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضی نے کہا کہ آج اپنی پارسائی کا دعویٰ کرنے والی حکومتوں نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔ پیپلز پارٹی لاہور کے صدر چودھری اسلم گل نے کہا کہ آج پیپلز پارٹی چالیس پچاس بندوں والی جماعت  نہیں۔ لاہور میں پیپلز پارٹی مضبوط و منظم ہو رہی ہے۔ اسلم گل نے کہا کہ نیازی ٹولے نے پاکستان کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ لچے لفنگوں کے ٹولے نے پاکستان پر بھوک کا ظلم مسلط کیا ہے۔ ہم نے بلاول بھٹو کو وزیر اعظم پاکستان بنانا ہے۔

ای پیپر دی نیشن