لاہور(خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ثابت ہو گیا کہ حکمران جماعتیں مسائل حل کرنے کی استعدادنہیں رکھتیں۔ بیڈ گورننس، تباہ حال معیشت اور امن و امان کی صورت حال حکمرانوں کی نااہلی کا ثبوت ہے۔ مسائل کے حل کیلئے شفاف انتخابات ضروری ہیں مگر انتخابات سے قبل تمام سیاسی جماعتوں کو آپس میں مل کر انتخابی اصلاحات کرنا ہوں گی تاکہ کوئی بھی الیکشن نتائج پر انگلی نہ اٹھا سکے۔ وہ منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کر رہے تھے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کیلئے ہر سطح پر آواز بلند کرتی ہے۔ ہم نے بلوچستان کے حقوق کیلئے بھی جدوجہد کی اور کراچی کے مسائل کے حل کیلئے بھی لڑائی لڑی۔ جماعت اسلامی پاکستان کو قرآن و سنت کا گہوارہ بنانا چاہتی ہے۔ ہم عدل و انصاف، آئین اور قانون کی بالادستی کیلئے میدان میں ہیں۔ ہمارا عزم ہے کہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں کرپشن فری اسلامی فلاحی پاکستان بنائیں گے۔ قوم ظالم جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں سے نجات کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔