کراچی (این این آئی) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمن کے ہمراہ کڈنی ہل پارک کا دورہ کیا۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے گورنرسندھ کو بتایا کہ سپریم کورٹ نے ہدایت کی تھی کہ کڈنی ہل پارک سے تجاوزات کا خاتمہ کرکے وہاں پارک تعمیر کیا جائے۔ اعلی عدلیہ کے احکامات کے بعد یہاں سے تجاوزات کا خاتمہ یقینی بناکر ایک بہترین پارک تعمیر کیا گیا اور اس پارک کی سب سے نمایان بات یہ ہے کہ یہاں پر مختلف نایاب اقسام کے پودے بھی لگائے گئے ہیں۔ گورنرسندھ نے پارک کی تزئین و آرائش کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ شہر کے درمیان انتہائی پر فضا مقام پر شاندار پارک کی تعمیر شہریوں کے لئے زبردست تحفہ ہے۔گورنرسندھ نے پارک میں جاکنگ ٹریک اور نایاب درختوں کو دیکھا اور اس کی تعمیر پر ایڈمنسٹریٹر کراچی کے کام کی تعریف بھی کی۔ انہوں نے کہ کہ اسی جانفشانی نے ہم شہر قائد کو مزید خوبصورت بنا سکتے ہیں اس پارک میں مزید ترقیاتی کام ہونے چاہئیں تاکہ شہریوں کو مزید ریلیف فراہم کیا جاسکے۔ بعد ازاں گورنرسندھ نے گرین اینڈ کلین کراچی مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔
گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری کا کڈنی ہل پارک کا دورہ
Jan 10, 2023