انتہاپسندی و فرقہ واریت ختم کرنے کیلئے علماء کردار ادا کریں ، ثروت قادری 

Jan 10, 2023


کراچی(اسٹاف رپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ فرقہ واریت کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے علماء حق کردار ادا کریں ،پاکستان بنانے کے مخالف ہی ملک میں فرقہ واریت کو فروغ دے رہے ہیں ،پاکستان اسلام کے نام پر بنااور آج پاکستان کو پوری دنیا میں اسلام کا قلعہ سمجھاجاتا ہے ،فرقہ واریت پھیلانیوالے بیرونی اشاروں پر ملک میں مذہبی انتشار پھیلانے کے درپے ہیں ،ملک بھر میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے حکومت کو کردارادا کرنا ہوگا ،پاکستان میں تبرہ میں مستقل بنیادوں پر امن قائم کرنا ہے تو بزرگان دین کی تعلیمات کو فروغ دینا ہوگا ،امن ،محبت بھائی چارگی اور احترام انسانیت کے فلسفے گھر گھر پھیلانا ہوگا ،ملک دشمن عناصر کے خلاف قانون کو سختی سے عمل در آمد کرنا چاہیے ،اہلسنت ملک کی اکثریت امن پسند ہیں جو پاکستان کی سلامتی کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کاجذبہ رکھتے ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر علماء کرام کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ  ملک واسلام دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم کو اتحاد ویکجہتی کو فروغ دیکر ہی ناکام بنایا جاسکتا ہے ،اسلام دشمن قوتیں پوری دنیا میں مسلم ممالک کے وسائل پر قبضہ اور مسلم ریاستوں کو کمزور کرنے کیلئے دہشتگردی اور سازشیں کررہی ہیں ،کفر کی طاقتیںمسلم امہ کے اتحاد کو پارہ پارہ کرکے مسلم ممالک پر مسلط ہونا چاہتی ہیں ،ہمیں اتحاد ویکجہتی کو فروغ اور اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں کو شعور سے ناکام بناناہوگا ،انہوں نے کہا کہ جس طرح علماء کرام نے پاکستان بنانے کیلئے بھرپور کردار کیا اسی جذبے سے سرشار ہوکر پاکستان سے فرقہ واریت اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے فرنٹ لائن کا کردار ادا کرنا ہوگا ۔#

مزیدخبریں