پاکستان میں250مدنی ہیلتھ کیئر سینٹر بنائینگے، مولانا عبدالحبیب عطاری


کراچی( اسٹاف رپورٹر)دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن مولانا عبدالحبیب عطاری نے کہا ہے کہ دعوت اسلامی کا شعبہ ایف جی آر ایف نے یوں تو پریشان حال امت کی خیر خواہی کیلئے جو ممکن ہوا وہ کیا لیکن ایک خواب تھا جو آج  دعوت اسلامی کے شعبے ایف جی آر ایف زیر انتظام پہلے کھلنے والے مدنی ہیلتھ کیئر سینٹر کی صورت میں پورا ہو ا۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے فیڈرل بی ایریا میں قائم ہونے والے مدنی ہیلتھ کیئر سینٹر کی افتتاحی تقریب میں شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔اس موقع پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، اراکین شوریٰ حاجی سید ابراہیم عطاری، حاجی محمدا مین مدنی قافلہ سمیت مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور ذمہ داران بھی موجود تھے۔مولانا عبدالحبیب عطاری نے تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ اگر اللہ کریم نے ہمیں مال و دولت یا کوئی رتبہ دیا ہے تو ایسا نہ ہو کہ ہم غریبوں کو بھول جائیں یاد رکھیں کہ اگر اللہ کریم نے اپنی نعمتوں سے نوازا ہے اور کروڑوں لوگوں سے اچھا رکھا ہے تواس پروردگار کا شکر ادا کرتے ہوئے ان لوگوں کا خیال رکھیں جو کسی نہ کسی سبب سے مشکلات کا شکار ہیں جو اپنا اور اپنے اہل و عیال کا علاج نہیں کروا سکتے۔ ان کا خیال رکھیں اور یہ عمل اللہ پاک کا قرب حاصل کرنے کا ذریعہ ہے، یا د رہے کہ اللہ پاک کا پسندیدہ عمل وہ ہے جو مسلمان کے دل میں خوشی داخل کیا جائے۔مولانا عبدالحبیب عطاری نے مزید کہا کہ ہمارا آئندہ پانچ سالوں میںپاکستان بھر میں بڑے پیمانے پر  250 کے قریب مدنی ہیلتھ کیئر سینٹر اورچھوٹے پیمانے تقریبا 14000مدنی کلینک بنانے کا عزم ہے اور کار خیر میں آپ تمام لوگوں کا تعاون درکار ہے آئیں اس کام میں ایف جی آر ایف کا ساتھ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی ایک مریض نے بھی صحت یاب ہوکر ہمارے لئے دعا کردی تو اللہ پاک سے امید ہے کہ ہمارے بھی کئی دکھ درد دور ہوجائینگے۔

ای پیپر دی نیشن