آٹا وافر پنجاب  میں ن  لیگ  کو  پہلے  مار  پڑی آئندہ بھی چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی : پرویز  الہی


لاہور (نیوز رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار) وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان، صوبائی وزراء محمد بشارت راجہ اور میاں محمودالرشید نے شرکت کی۔ اجلاس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور پنجاب اسمبلی میں نمبر گیم کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔  اپوزیشن کے ہر غیر آئینی ہتھکنڈے کا بھرپور مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے  کہا کہ پنجاب میں اپوزیشن اقتدار کے خواب دیکھ رہی ہے۔ خوابوں میں گم اپوزیشن کے پاس نمبرز ہی پورے نہیں۔ پنجاب میں ن لیگ کو پہلے بھی مار پڑی اور آئندہ بھی انہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔  پراپیگنڈا کرنے والی فیکٹری ن لیگ کے گھر لگی ہوئی ہے۔ پراپیگنڈا کرنے والے جان لیں، ہم ایک ہیں اور ایک رہیں گے۔ کوئی کسی خوش فہمی میں نہ رہے، عمران خان کے ساتھ ہیں۔ غلط فہمیاں پیدا کرنے والے پہلے کی طرح ناکام رہیں گے۔ ن لیگ کے دعوے صرف ہوائی قلعے ہیں۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ وفاقی حکومت کی بدترین کارکردگی پر پورا ملک سراپا احتجاج ہے۔ وفاقی حکومت کی نااہلی اور نالائقی کی سزا 22 کروڑ عوام بھگت رہے ہیں۔ پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی عنایت اللہ لک بھی اس موقع پر موجود تھے۔ علاوہ ازیں  پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پنجاب میں سستے آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے ہر سطح پر موثر اقدامات کئے گئے ہیں۔ صوبہ بھر میں سستے آٹے کی دستیابی کے لئے سیل پوائنٹس میں اضافہ کیا گیا ہے اور فلور ملوں کیلئے سرکاری گندم کا ڈیلی کوٹہ 26 ہزار میٹرک ٹن کر دیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت کے بروقت اقدامات سے صوبہ بھر میں آٹا وافر دستیاب ہے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ محکمہ خوراک اور انتظامی افسروں کو آٹے کی سپلائی اور دستیابی یقینی بنانے کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں۔ گندم و آٹے کی سمگلنگ روکنے کیلئے صوبے کے خارجی راستوں پر چیکنگ مزید سخت کر دی گئی ہے۔ گندم اور آٹے کی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ عوام کو سستے آٹے کی فراہمی کے لئے ہر وہ اقدام  کر رہے ہیں جس سے غریب آدمی کو ریلیف ملے۔ پنجاب کے عوام کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے وافر مقدار میں گندم کا سٹاک موجود ہے۔
پرویز الٰہی

ای پیپر دی نیشن