اسلام آباد؍ جنیوا (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) جنیوا میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات ہوئے۔ وزارت خزانہ اعلامیہ کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف مشن چیف ناتھن پورٹر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کو درپیش معاشی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے قرض پروگرام پر عملدرآمد کے عزم کو دہرایا۔ اسحاق ڈار اور آئی ایم ایف مشن چیف میں ملاقات جنیوا میں ڈونرز کانفرنس میں ہوئی ہے۔ مزید برآں اسحاق ڈار نے عالمی برادری کو پاکستان کو بجٹ سپورٹ فراہم کرنے کے لئے کہا ہے تاکہ 33ملین سیلاب زدگان کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ جنیوا میں خطاب اور اپنے ٹویٹس میں کہا کہ سیلاب نے خاص طور پر سندھ اور بلوچستان صوبوں میں تباہی مچائی، 33 ملین سے زائد افراد متاثر ہوئے، 1700 سے زائد جانیں ضائع ہوئیں، 13000 زخمی اور لاکھوں خواتین اور بچے غیر محفوظ ہو گئے۔ جبکہ مجموعی طور پر 13 ہزار کلومیٹر سڑکیں اور 440 پل تباہ ہوئے۔ 50 لاکھ فصلوں کو نقصان پہنچا، 20 لاکھ سے زائد مکانات یا تو تباہ یا متاثر ہوئے اور 10 لاکھ کے قریب مویشیوں کے مرنے یا لاپتہ ہونے کی تصدیق کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سیلاب سے متاثرہ لوگوں اور علاقوں کی بحالی کو اولین ترجیح دیتا ہے۔ انہوں نے اس مشکل وقت میں پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر عالمی برادری بالخصوص سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتیرس کا شکریہ ادا کیا۔ دریں اثناء عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان سے ڈالرکا ایکسچینج ریٹ مارکیٹ کے مطابق کرنے اور مصنوعی پابندی ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کا مطالبہ ہے کہ پاکستان ڈالر کا ایکسچینج ریٹ مارکیٹ کے مطابق کرے، ایکسچینج ریٹ پر مصنوعی پابندی ختم کرے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کو 30 جون 2023 تک پیٹرولیم لیوی 855 ارب روپے جمع کرنے کا پلان دینا ہوگا، جس کے لیے ڈیزل پر لیوی فوری 32.5 روپے بڑھا کر 50 روپے لیٹرکرنا ہوگی، گیس کے شعبے میں 1500 ارب روپے کا سرکلر ڈیٹ ختم کرنا ہوگا جس کے لیے گیس کے ریٹ بڑھانا ہوں گے۔ ذرائع وزارت خزانہ نے بتایا ہے کہ آئی ایم ایف سبسڈیز کا خاتمہ چاہتا ہے، آئی ایم ایف ٹیکس آمدن میں 300 ارب روپے کے اضافے کا مطالبہ بھی کر رہا ہے، پاکستان کو بجلی کے نقصانات کم کرنے کے لئے بجلی کے ریٹ بڑھانے ہوں گے، آئی ایم ایف بجلی کا فی یونٹ ریٹ 3.5 روپے بڑھانے کا مطالبہ کرچکا ہے۔ مزید برآں اسحاق ڈار نے جنیوا میں عالمی بنک کے نائب صدر سے ملاقات کی۔ پاکستان کی معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے امریکی ترقیاتی ادارہ یو ایس ایڈ کی ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر ائیزوبیل کولمین سے بھی ملاقات کی۔ کلائمیٹ ریزیلیئنٹ پاکستان کے موضوع پر منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس کے سائیڈ لائن پر ہونے والی اس ملاقات میں پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد اور علاقوں کی امداد، بحالی اور تعمیرنو کیلئے بین الاقوامی معاونت کے طریقہ ہائے کار پر بات چیت کی گئی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اسلامی ترقیاتی بنک کے صدر محمد الجبیر، یو ایس ایڈ کی ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر سے بھی ملاقاتیں کیں۔ وزیر خزانہ نے ملاقاتوں میں پاکستان کی معیشت کو درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا۔
اسحاق ڈار