ٹنڈوآدم(رپورٹ/محمد ذیشان راہی)ٹنڈوآدم میں جرائم پیشہ افراد سرگرم ایک ہفتے کے دوران ڈکیتی چوری کی 10 وارداتیں،6 موٹرسائیکلیں،ایک ٹرک،ایک موبائل فون اور نقدی چھین لی گئی۔تفصیلات کے مطابق ٹنڈوآدم میں جرائم پیشہ افراد نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ایک ہفتے میں ڈکیتی اور چوری کی 10 وارداتیں ہو چکی ہیں۔ گزشتہ روز کاٹن فیکٹری کے صدر ہریش کمار ودھانی کے ملازم جاوید جو کہ سبزی منڈی میں سبزی خریدنے جا رہے تھے نامعلوم ملزمان اس کی کھڑی موٹر سائیکل چوری کرکے فرار ہو گئے۔ پٹھان کالونی اسٹاپ پر دو مسلح ملزمان نے گاوں کے دو افراد لکھاڈنو سھتو اور ظفر تھیم سے 2 موٹر سائیکلیں چھین کر فرار ہوگئے اسی طرح خدابخش کالونی سے نا معلوم ملزمان اصغر بھٹی کا ٹرک چوری کرکے فرار ہو گئے۔ قائد اعظم کالونی سے محسن خان پٹھان کی موٹرسائیکل، صحافی مطلوب غوری کے گھر کے باہر کھڑی سی ڈی موٹرسائیکل اور لوہار گلی سے مہتاب برڑو کی موٹرسائیکل لے کر فرار ہوگئے۔ اسی طرح چاکرانی محلے سے مسلح ڈاکو اسد علی سے موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔ پولیس نے واقعہ کے بارے میں سادہ کاغذ پر شکایت درج کرکے شکایت کنندگان کو واپس روانہ کردیا۔ پولیس کی لاپرواہی کے باعث شہری جرائم پیشہ افراد کے ہاتھوں یرغمال بنے ہوئے ہیں۔