کنری (نامہ نگار )ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ ڈاکٹر ایم بی راجہ دھاریجو نے گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج اور گورنمنٹ مونو ٹیکنیکل کالج عمرکوٹ کا دورہ کیا اور یکم فروری 2023 سے شروع ہونے والی ڈجیٹل مردم شماری مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ ڈاکٹر ایم بی راجہ دھاریجو نے کہا کہ ضلع کے عوام ڈجیٹل مردم شماری کے ذریعے اپنا اور اپنے خاندان کا اندراج کرائیں تاکہ وسائل کی بہتر انداز میں تقسیم ہو سکے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ فوکل پرسن مردم شماری آغا افتخار نے بتایا کہ اس بار مردم شماری ڈجیٹل ٹیبلٹ کے ذریعے مردم شماری کی جائے گی اور اس کا ڈیٹا اسلام آباد بھجوایا جائے گا اور کہا کہ ضلع عمرکوٹ کو مردم شماری کے لحاظ سے ایڈمن ضلع کا درجہ دیا گیا ہے جبکہ 4تحصیلوں کو ڈسٹرکٹ سینسز کا درجہ حاصل ہو گا جس میں ڈسٹرکٹ آفیسرز (سی ڈی اوز) ہوں گے جو فیلڈ اسٹاف ٹیموں کی مقرری، تربیت اور مردم شماری کے کام کی نگرانی بھی کریں گے اور کہا کہ مردم شماری کے سلسلے میں پورے ضلع میں 898 بلاکس بنائے گئے ہیں۔ جس میں پہلے مرحلے میں 449 بلاکس اور دوسرے مرحلے میں 449 بلاکس میں مردم شماری کی جائے گی اور مردم شماری کے کام میں 449 شمار کنندگان کام کریں گے جن کی تربیت جاری ہے اور بتایا کہ پہلے مرحلے میں 230 شمار کنندگان کی تربیت 7 سے 11 جنوری؛ 2023 اور 12 سے 16 جنوری 2023 تک باقی 219 کو دوسرے مرحلے کے تحت تربیت دی جائے گی۔