بلدیاتی الیکشن  انتظامات، تمام وسائل بروئے کار  لائینگے، ڈی سی مٹیاری

Jan 10, 2023


بھٹ شاہ (بیورو رپورٹ ) ڈپٹی کمشنر مٹیاری سید جواد مظفر کی زیر صدارت 15 جنوری کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے اعلیٰ سطحی اجلاس میں فول پروف سیکیورٹی پلان، الیکشن کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی، پولنگ اسٹاف اور سامان کے لئے ٹرانسپورٹ کا بندوبست کرنے کے ساتھ ساتھ صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کرانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر سکندر علی چنڑ نے بتایا کہ ضلع مٹیاری میں مجموعی طور پر 345 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 185 مرد و خواتین کے مشترکہ پولنگ اسٹیشنز، مردوں کے لیے 80 علیحدہ پولنگ اسٹیشنز اور خواتین کے لیے علیحدہ 80 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں مجموعی طور پر 4 لاکھ 15 ہزار 547 ووٹرزاپنا حق رائے دہی استعمال کرکے اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے، ضلع میں مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 21 ہزار 274 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 94 ہزار 273 ہے۔اس موقع پر ریجنل الیکشن کمشنر شہید بینظیر آباد سید ندیم حیدر نے الیکشن میں ڈیوٹی سرانجام دینے والے افسران و عملہ کو ہدایت کی کہ وہ الیکشن کے دوران غیر جانبدار رہیں اور اپنی ڈیوٹی کو قومی فریضہ سمجھ کر ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ سٹیشنوں میں ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ ووٹرز کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے،الیکشن کے دوران کوئی بھی مسئلہ پیش آئے تو اسے فوری طور پر اعلیٰ حکام تک پہنچایا جائے تاکہ فوری اقدامات کیے جا سکیں۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر مٹیاری سید جواد مظفر نے محکمہ پولیس کو حفاظتی پلان کو موثر بنانے کے ساتھ ساتھ محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ وہ ہسپتالوں میں الیکشن کے دن ایمرجنسی نافذ کر کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری کو یقینی بنائیں اور حیسکو انتظامیہ کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات دیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرٹو سید جنید شاہ، اسسٹنٹ کمشنر ہالا ڈاکٹر مظاہرعلی، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن محمد صابر کاکا، ڈاکٹر ظہیر میمن سمیت ریٹرننگ افسران و دیگر نے شرکت کی۔

مزیدخبریں