کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے سچل گوٹھ میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ایک اور نوجوان قتل کردیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق سچل گوٹھ کے علاقے بلال شاہ نورانی گوٹھ کی اسکیم 33 میں جنرل اسٹور پر ڈکیتی کی کوشش کے دوران مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کرکے عبدالرزاق نامی 18 سالہ نوجوان کو قتل کردیا۔ ایس ایچ او سچل گوٹھ گلبہار رند نے بتایا کہ تین ڈکیت دکان میں داخل ہوئے اور مقتول کے بھائی سے نقد رقم سمیت ضروری سامان چھین لیا جبکہ اس دوران رزاق گھر پر موجود تھا، جیسے ہی ملزمان ڈکیتی کرکے بھاگنے لگے تو رزاق بھی گھر سے نکل آیا اور ایک ڈکیت کو پکڑنے کی کوشش کی جس پر ملزمان نے ان پر فائرنگ کردی۔ پولیس کے مطابق پیٹ میں گولی لگنے کے سبب نوجوان شدید زخمی ہوگیا اور انہیں سول ہسپتال منتقل کیا گیا مگر دوران علاج زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔