کراچی میں گھنائونی سازش‘ لسانیت‘ گینگ وار کا دور آنے والا ہے‘ حلیم عادل

Jan 10, 2023

کراچی( اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ کراچی میں گھنائونی سازش کی تیاری ہورہی ہے، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی ملکر لسانیت کی کوشش کررہے ہیں، یہ دوبارہ گینگ وار کا دور شروع کرنے جارہے ہیں۔پیرکوسندھ ہائی کورٹ میں وکلا کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا کہ افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے ملک میں لاقانونیت ہے، ملک میں قانون کی کوئی حکمرانی نہیں،خارجہ پالیسی ناکام ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ میرپورخاص میں ایک مزدور آٹے کے پیچھے روند کر مرگیا، سفید پوش لوگ آٹے کی لائینوں میں کھڑے ہیں، میں عدلیہ سے کہتا ہوں صورتحال پر نوٹس لیں۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ جب ہرسنگھ کولہی آٹے کی وجہ سے مررہا تھا، آج نان کی قیمت 30 روپے سے زائد ہے، اس وقت وزیرخوراک مکیش چائولہ اور شرجیل میمن خصوصی طیارے میں تھر جیپ ریلی دیکھنے پہنچے ۔انہوں نے کہاکہ ہمارے زرمبادلہ ذخائر ختم ہوچکے ہیں، 6 ارب ڈالر پرائیویٹ لوگوں کے حکومت نے اپنے اکائونٹس میں ڈال دیئے ہیں۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پی ڈی ایم کو بنانے والوں نے ملک کو تباہ کردیا ہے، سیاسی طور پر اتحاد کیے جائیں کروائے نہ جائیں۔انہوں نے کہا کہ نیب کا قانون ہی نیب زدگان تبدیل کررہے ہیں، نیب کا ادارہ اب اینٹی کرپشن جیسا بن چکا ہے۔

مزیدخبریں