لاہور(سپورٹس رپورٹر)انگلش کرکٹ ٹیم کے بیٹر ڈیوڈ میلان نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل )میں مختلف ٹیموں کی نمائندگی کرنے سے انہیں مختلف حالات میں کھیلنے کے بارے مزید جاننے اور اسپن کے خلاف اپنے کھیل کو بہتر بنانے میں مدد ملی ہے،انگلش کرکٹر ڈیوڈ میلان نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ میں یقینی طور پر سوچتا ہوں کہ بی پی ایل میں کھیلنے سے مجھے اسپن کے خلاف اپنی بیٹنگ بہتر بنانے میں کس طرح مدد ملی ، آپ برصغیر میں جتنا زیادہ کھیلیں گے، اتنا ہی بہتر ہے کیونکہ آپ اتنا ہی زیادہ ہنر سیکھیں گے،میلان نے کہا کہ میں ہر وقت سیکھنے کی کوشش کرنے میں بڑا ہوں، جب آپ اس طرح کے حالات میں آتے ہیں تو آپ کو اعلی معیار کے اسپنرز کا سامنا کرنا پڑتا ہے، یہاں بہت سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ اسپن کے ذریعے کی جاتی ہے، جب کہ دوسرے ٹورنامنٹس میں آپ کے پاس ہر ٹیم میں صرف ایک یا دو اسپنرز ہوتے ہیں،انہوں نے کہا کہ مجھے جب بھی بنگلہ دیش آنے کا موقع ملتا ہے میری کوشش ہوتی ہے کہ میں موقع سے فائدہ اٹھاں اور اپنا کھیل مزید بہتر بناﺅں ، میرے خیال میں مختلف ممالک میں ہمیشہ مختلف چیلنجز ہوتے ہیں،انہوں نے کہا کہ اچھی وکٹوں کی تیاری کچھ بہتر کھلاڑیوں کو بی پی ایل میں حصہ لینے کے لیے راغب کر سکتی ہے، بعض اوقات یہاں کے حالات سخت ہوتے ہیں اور رنز بنانا واقعی مشکل بن جاتا ہے، جب آپ چٹاگانگ جاتے ہیں تو آپ کو دنیا کی بہترین بیٹنگ وکٹیں ملتی ہیں۔