ملتان ،وہاڑی، دنیاپور، میلسی( سٹاف رپورٹر، خبر نگار خصوصی ،کرائم رپورٹر، نامہ نگار ) سردی کی چھٹیوں کے بعد سکول تو کھل گئے ہیں لیکن شدید دھند اور سردی کی شدت نے طلبائوطالبات کے قدم جکڑ لئے جس کی وجہ سے طلباء کی اکثریت سکول و کالج نہ پہنچ سکی۔جبکہ دور دراز کے ذاتی سواریوں پر آنے والے طلبہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہاہے طلباو طالبات کے والدین کا کہنا ہے اصل سردیاں تو اب شروع ہوئی ہیں حکومت اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے تو بہتر ہے۔تعلیمی اداروں میں سردی کی چھٹیوں کا شیڈول تبدیل کیا جائے پرانا گھسا پٹا شیڈول اب کارآمد نہیں ہے پنجاب میں دسمبر کے آخر اور جنوری کی ابتداء میں شدید سردی پڑتی ہے شدید سردی میں معصوم بچوں کے بیمار ہونے کے خدشات ہیں جبکہ چھٹیوں کے خاتمہ کے پہلے دن طلبائ وطالبات کی حاضری انتہائی کم رہی اساتذہ شاگردوں کا انتظار کرتے رہے لیکن شاگردوں کی تعداد نہ ہونے کے برابررہی۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں ملک کے دیگر علاقوں کی طرح جنوبی پنجاب میں بھی موسم شدید سرد رہنے کا امکان ہے کل بدھ کے روز بارش ہونے اور اس کے بعد کورا پڑنے کا امکان ہے اس کے بعد 12 جنوری سے سردی کی شدید لہر شروع ہونے کے بھی امکانات ہیں شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے وہ شدید سرد موسم میں گھروں سے غیر ضروری طور پر نہ نکلیں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
سکول کھل گئے، شدید دھند، سردی نے طلبہ کے قدم جکڑ لئے
Jan 10, 2023