سعودی عرب نے آئندہ حج سیزن کے دوران عازمین کی تعداد کو کورونا وبا سے پہلے کی سطح پر واپس لانے کا اعلان کردیا۔
سعودی عرب کے شہر جدہ میں چار روزہ حج ایکسپو کا 9 جنوری سے آغاز ہوگیا جس میں 57 ممالک کے اعلیٰ حکام اور 200 اداروں کے نمائندے شرکت کررہے ہیں۔ گورنر مکہ شہزادہ خالد الفیصل نے نمائش کا افتتاح کیا۔ کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں سعودی عرب نے آئندہ حج سیزن کے دوران عازمین کی تعداد کو وبائی امراض سے پہلے کی سطح پر واپس لانے کا اعلان کردیا۔سعودی وزیر حج و عمرہ توفیق الربیعہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس سال حج کے لیے عازمین کی تعداد پر کوئی پابندی عائد نہیں کرے گی۔حج ایکسپو سے سعودی وژن 2030 کے اہداف کی تکمیل میں مدد ملے گی. اس موقع پر کئی معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کا امکان ہے جن میں حجاج کرام کی تعداد، داخلے، صحت اور طریقہ کار سے متعلق ہدایات کے معاہدے بھی شامل ہیں۔سعودی وژن کے تحت حج وعمرہ کے زائرین کی سالانہ تعداد کو 30 ملین تک پہنچانا ہے. حرمین شریفین کی زیارت آسان بنانے کے لیے دنیا بھر کے ماہرین اپنی رائے دیں گے۔