لبنان، غزہ: 3 حزب اللہ کمانڈر، 126 فلسطینی شہید، 10 اسرائیلی فوجی ہلاک

Jan 10, 2024

بیروت‘ دمشق (نیٹ نیوز + این این آئی) اسرائیل نے پھر لبنان میں فضائی کارروائی کی جس کے نتیجے میں حزب اللہ کے 3 کمانڈرز اور غزہ میں 126 فلسطینی شہید ہوگئے جب کہ دو روز میں شہید کمانڈرز کی مجموعی تعداد 5 ہوگئی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز اسرائیل نے فضائی حملے میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا۔ گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی اور اس میں سوار تینوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ لبنان کے مقامی میڈیا نے تصدیق کی کہ جنوبی علاقے میں ایک کار کو ڈرون سے نشانہ بنایا گیا۔ گزشتہ روز جنوبی لبنان میں اسرائیل کے ایک گاڑی پر فضائی حملے میں حزب اللہ کے سینیئر کمانڈر وسام تاویل اپنے ایک ساتھی سمیت شہید ہوگئے۔ غزہ میں رہائشی علاقوں‘ ہسپتالوں پر بمباری جاری ہے۔ حماس کے 30 ٹھکانے نشانہ بنائے۔ غزہ میں بمباری سے 24 گھنٹے میں مزید 126 سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے۔ ترک نیوز ایجنسی کے مطابق نسل کشی کے ساتھ لوٹ مار بھی جاری ہے۔ اسرائیلی فوج غزہ کے گھروں سے لاکھوں ڈالر نقدی اور سونا چوری کر چکی ہے۔ بعض فوجیوں نے ویڈیوز بھی بنوائیں۔ اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے شام میں حماس کے ایک اہلکار کو شہیدکر دیا ہے۔ حسن عکاشہ کو جنوبی شام کے قصبے بیت جن میں مارا گیا۔ غزہ میں حماس سے جھڑپوں میں 27 اسرائیلی فوجی زخمی ہو گئے۔ اردن کے شاہ عبداللہ نے غزہ میں اسرائیلی جنگ کو وحشیانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس جنگ کے نتیجے میں اب تک کا 30  ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ جن میں بہت بڑی تعداد بچوں اور عورتوں کی ہے۔ لیکن اس وحشیانہ اسرائیلی جنگ نے ہزاروں بچوں کو یتیم بھی کر دیا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شاہ عبداللہ روانڈا میں کیگالی نسل کشی کی یاد میں تبصرہ کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ لیکن یاد رکھنا چاہیے اسرائیل کی اس تمام تر بلا امتیاز اور اندھی بہیمیت اسرائیل کی سلامتی کی ضمانت نہیں قرار پائے گی۔  2 صحافیوں کے جاں بحق ہونے پر ترجمان اقوام متحدہ نے اظہار تشویش کیا ہے۔ حمزہ وائل‘ مصطفیٰ ابوثریا کو نشانہ بنانے کی تحقیقات ہونی چاہئے۔ فلسطین کے حامی مظاہرین نے نیویارک میں اسرائیل کیخلاف مظاہرہ کرتے جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ متعدد سڑکیں‘ زیرزمین راستے بند کر دیئے۔ غزہ کے وسطی علاقہ بیوریج میں بارودی سرنگ دھماکے میں 6 اسرائیلی فوجی ہلاک، 24 گھنٹے میں تعداد 10 ہو گئی۔ اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا تیسرا مرحلہ شروع ہو گا۔ یہ طویل ہو سکتا ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے شمالی غزہ میں طبی سامان کی ترسیل منسوخ کر دی۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے دورہ اسرائیل کے دوران اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات کی۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے کہا کہ انٹونی بلنکن نے نیتن یاہو سے غزہ میں شہریوں کا جانی نقصان کم کرنے کا کہا اور حماس حملے روکنے کی اسرائیلی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے یرغمالیوں کی رہائی کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ نیتن یاہو نے غزہ میں مزید امداد کی فراہمی کی اہمیت پر بات کی ۔ انٹونی بلنکن نے خطے اور اسرائیل میں پائیدار امن کی ضرورت‘ فلسطینی ریاست کے قیام کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

مزیدخبریں