سیالکوٹ‘ لاہور (خبر نگاران + نمائندہ نوائے وقت) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے عمر ڈار کی بازیابی کی درخواست نمٹاتے ہوئے ضمانت دائر کروانے کی ہدایت کر دی۔ سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ عمر ڈار کے خلاف دو مقدمات درج ہیں۔ ملزم کی گرفتاری ڈال دی ہے، گجرات پولیس نے گرفتار کر کے سیالکوٹ پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ گجرات پولیس نے گرفتار کیا، مقدمہ کے تفتیشی انسپکٹر محمد یونس ہیں، درخواست گزار کے وکیل ابوذر سلمان خان نیازی نے موقف اختیار کیا کہ عمر ڈار گزشتہ رات نجی ہوٹل پر کھانا کھانے کے لئے گئے، 40 سے زائد افراد جن میں پولیس یونیفارم میں ملبوس تھے، اغواء کر کے لے گئے۔ عدالت عمر ڈار کو بازیاب کروا کر پیش کرنے کا حکم دے۔ سرکاری وکیل نے لاہور ہائیکورٹ میں بیان دیا کہ عمر ڈار کو بازیاب کرا لیا گیا ہے اور انہیں سیالکوٹ پولیس کینٹ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔