لاہور‘ سیالکوٹ‘ بوریوالہ‘ وزیر آباد‘ پشاور‘ نوشہرہ ورکاں‘ اسلام آباد (خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ نمائندگان نوائے وقت+ نامہ نگاران+ بیورو رپورٹ+ وقائع نگار) لاہور ہائیکورٹ، ایپلٹ ٹربیونل کے جسٹس طارق ندیم نے این اے 122 سے بانی پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کیخلاف اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ، ایپلٹ ٹربیونل نے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کیخلاف اپیلوں پر ریٹرننگ افسر کے فیصلے کالعدم قرار دے دیئے۔ عدالت نے این اے 71 سیالکوٹ سے ریحانہ ڈار، پی پی 46 سے عمر ڈار کی اہلیہ روبہ ڈار، این اے 80، پی پی 62 اور 64 گوجرانوالہ سے لالہ اسد، رضوان سیان، فلک شیر، این اے 106، پی پی 122 ٹوبہ ٹیک سنگھ سے سعید اکبر اور عبدالباسط، این اے 112 اور پی پی 135 ننکانہ صاحب سے پی ٹی آئی امیدوار رانا جمیل حسن گڈ خان، پی پی173 سے زبیر ، پی پی177 سے ناصرہ میو اور پی پی 138 سے ابوذر چدھڑ کے کاغذات نامزدگی منظور کرتے ہوئے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔ دریں اثناء لاہور ہائیکورٹ ایپلٹ ٹربیونل کے جسٹس احمد ندیم ارشد نے پرویز الٰہی، مونس الہی اور قیصرہ الہی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل پر دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ، ایپلٹ ٹربیونل کے جسٹس اسجد جاوید گھرال نے این اے 87 اور پی پی81 خوشاب سے عمر اسلم کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف الیکشن اپیلوں پر آج ریکارڈ سمیت طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ، ایپلٹ ٹربیونل کے جسٹس اسجد جاوید گھرال نے مسلم لیگ نون کے رہنما عابد شیر علی کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے خلاف اپیل ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ، ایپلٹ ٹربیونل کے جسٹس شکیل احمد نے ن لیگی رہنما دانیال عزیز کی بیوی مہناز اکبر عزیز کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف اپیل پر ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق الیکشن ٹربیونلز میں بڑے سیاسی رہنماؤں کے کاغذات منظور یا مسترد کرنے کے خلاف اپیلوں پر سماعت مکمل ہوگئی۔ فیصلے آج سنائے جائیں گے۔ نوازشریف کے حلقہ این اے 130 سے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف فیصلہ آج سنایا جائے گا، شہباز شریف کے حلقہ این اے 132 سے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف بھی فیصلہ آج سنایا جائے گا۔ مریم نواز کے حلقہ این اے 119 سے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف فیصلہ آج سامنے آئے گا۔ علاوہ ازیں الیکشن ٹریبونل پشاور نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 3 رہنمائوں شہریار آفریدی، شاندانہ گلزار اور شیر افضل مروت کے کاغذات نامزدگی منظور کرلئے۔ الیکشن ٹریبونل میں اپیلوں پر سماعت کا سلسلہ جاری ہے۔ جسٹس عتیق شاہ نے سابق وفاقی وزیر شہریار آفریدی کی اپیل پر جبکہ جسٹس شکیل احمد نے سابق رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار کی اپیل پر سماعت کی ، الیکشن ٹریبونل نے این اے 30 پشاور سے شاندانہ گلزار اور این اے 35 کوہاٹ سے شہریار آفریدی کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے۔ دریں اثناء الیکشن ٹریبونل نے پشاور کے حلقے این اے 32 پشاورسے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شیر افضل مروت کے کاغذات نامزدگی بھی منظور کر لئے، سندھ ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف درخواست مسترد کردی۔ سوات کی الیکشن ایپلیٹ کورٹ نے رہنما پاکستان تحریک انصاف مراد سعید کے حلقہ این اے 4 سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کیخلاف اپیل خارج کردی ہے۔ الیکشن ٹریبونل سندھ نے پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور سابق وزیراعظم شہبازشریف کے کاغذات نامزدگی منظوری کیخلاف دوسری اپیل بھی مسترد کردی۔ شہبازشریف کی کراچی کے حلقہ این اے 242 سے الیکشن لڑنے کی مزید راہ ہموار ہوگئی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز رانا مشہود نے بتایا تھا کہ شہباز شریف کو کراچی کے حلقے این اے 242 سے الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی ہے۔ الیکشن ٹریبونل نے سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا کے بیٹوں حسنین مرزا اور حسام مرزا کی ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف اپیلیں منظور کرلیں۔ علاوہ ازیں بورے والا میں الیکشن ٹریبونل نے پی ٹی آئی امیدوار خالد نثار ڈوگر کے کاغذات نامزدگی این اے 156اور پی پی 231 سے بحال کردئیے، نامزدگی بحالی کی درخواست خارج، این اے 71اور پی پی 46سے ریحانہ امتیاز کا غذات نامزدگی منظور ہوگئے ہیں۔ ٹریبونل ہائی کورٹ کے جسٹس شکیل نے اپیل منظور کرتے ہوئے کاغذات نامزدگی این اے 71اور پی پی 46سے منظور کرلئے ہیں۔ ضلع وزیرآباد سے تحریک انصاف کے امیدواران قومی و صوبائی اسمبلی کے کاغذات نامزدگی پر الیکشن ٹربیونل ہائی کورٹ نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ تحریک انصاف کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے‘ وزیر آباد سے تحریک انصاف کے حلقہ این اے 66 اور پی پی 36 سے امیدواران تحریک انصاف کے مرکزی راہنما محمد احمد چٹھہ، فیاض چٹھہ اور مسز عین احمد چٹھہ کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے۔ پی پی 35 سے تحریک انصاف کے امیدوار چوہدری محمد یوسف، حاجی ناصر چیمہ کے کاغذات نامزدگی بھی قبول کر لیے۔ علاوہ ازیںلاہور ہائی کورٹ کے الیکشن ٹریبونل نے حلقہ پی پی 69 گوجرانوالہ 11 کے ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے تحریک انصاف کے امیدوار چوہدری عمر جاوید ورک کے کاغذات نامزدگی بحال کر دیئے ہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ/ الیکشن ٹریبونل نے اسلام آباد سے دوہری شہریت پر کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کے خلاف امیدوار ملک عامر کی اپیل خارج کردی ہے۔ دوہری شہریت رکھنے والے امیدوار ملک عامر کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کا آر او کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔ الیکشن ٹریبونل جسٹس ارباب محمد طاہر نے محفوظ فیصلہ سنایا۔ الیکشن اپیلیٹ ٹریبونل، کاغذات نامزدگی/پی ٹی آئی کے رہنما سید ظفر علی شاہ کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے۔