لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی زیرصدارت پارٹی کا مشاورتی اجلاس ماڈل ٹاؤن لاہور میں ہوا جس میں سیاسی صورتحال‘ ٹکٹوں کی تقسیم اور انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ مشاورتی اجلاس میں صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف‘ چیف آرگنائزر مریم نواز اور دیگر اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔ پارٹی رہنماؤں نے انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ادھر شہباز شریف اور سابق صوبائی وزیر عطا مانیکا کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔ عطا مانیکا اور ان کے بیٹے حیات مانیکا نے پی پی 193 پاک پتن سے کاغذات جمع کرائے ہیں۔ ذرائع کے مطابق عطا مانیکا نے شہباز شریف سے انہیں یا بیٹے کو ٹکٹ دینے کی بات کی تھی۔ حیات مانیکا بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے داماد بھی ہیں۔ شہباز شریف نے عطا مانیکا سے کہا کہ ’’عطا صاحب نواز شریف آپ کو بہت پسند کرتے ہیں آپ کے حلقے کا معاملہ نواز شریف کے سامنے رکھوں گا۔ عطا مانیکا نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ حلقے کے ٹکٹ کا معاملہ شہباز شریف کے سامنے رکھا ہے۔ شہباز شریف معاملہ نواز شریف کے سامنے رکیھں گے۔ اس حلقے سے فاروق مانیکا نے بھی کاغذات جمع کرائے ہیں۔ فاروق مانیکا نے رانا ثناء اﷲ کی پریس کانفرنس میں ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔