اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز (پی پی پی پی) کے صدر اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ حکومت میں آکر بلوچستان کے ہسپتالوں، گیس سمیت تمام مسائل حل کر دیں گے۔ انتخابات کے بعد آنے والی عوامی حکومت ترقی و بہبود پر توجہ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی نے جو بھی وعدہ کیا ہے، وہ پورا کرکے دکھایا ہے۔ ڈیرہ بگٹی میں انتخابی جلسہ عام سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے، سابق صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی، بلوچستان کے مسائل کو سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ہسپتالوں کا مسئلہ ہو یا گیس کا، مسائل حل کریں گے۔ آصف زرداری نے سوئی میں گیس پائپ لائن بچھانے اور اس دوران مقامی افراد کو روزگار دینے کا اعلان بھی کیا۔ آصف علی زرداری خراب موسم کی وجہ سے جلسہ گاہ نہیں پہنچ سکے تھے۔ انہوں نے دوران خطاب کارکنوں سے جلد آنے کا وعدہ بھی کیا۔ سابق صدر نے مزید کہا کہ میں اس دھرتی کے اور آپ کے مسئلوں کو سمجھتا ہوں۔ آپ کی گیس کی فیلڈز پر آپ کا حصہ دلوائیں گے۔ آپ لوگوں کے پاس خود نہیں آ سکا اس پر معافی چاہتا ہوں۔ سرفراز بگٹی کو ہم نے مل کر جتوانا ہے۔ سابق نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ غریبوں اور کسانوں کی بات کی ہے۔