لاہور(سپورٹس رپورٹر)بائیں ہاتھ کے فاسٹ بائولر عامر حسن آئی سی سی مینز انڈر 19 ورلڈ کپ میں جنوبی افریقی کنڈیشنز سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے منتظر ہیں۔18 سالہ عامرحسن شاہین شاہ آفریدی ہی کوآئیڈیل مانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ہمیشہ اپنے خاندان کا تعاون حاصل رہا ہے اور بچپن میں انہوں نے صحیح طریقے سے کھیل کو آگے بڑھانے کی حوصلہ افزائی کی جس کی وجہ سے میں راولپنڈی شفٹ ہوگیا۔ پاکستان کے بائیں ہاتھ کے بہترین فاسٹ بائولرز کو فالو کیا جنہوں نے پروفیشنل کے طور پر بھی متاثر کیا اور آگے بڑھنے میں مدد دی ہے۔ مجھے بھی چند مشہور بائولرز کی طرح ان سوئنگ بولنگ کرنا پسند ہے۔عامر کو یقین ہے کہ وہ انڈر 19 ورلڈ کپ میں اپنی بولنگ سے ٹیم کے لیے مددگار ثابت ہونگے کیونکہ جنوبی افریقہ میں کنڈیشنز تیز بائولرز کے حق میں ہوتی ہیں۔ ہم نے تربیتی کیمپ میں ورلڈ کپ کی تیاری کی ہے اور کوچز نے ہماری بہت مدد کی ہے۔ ہماری پہلی توجہ گروپ میچوں میں اچھی پرفارمنس دینا ہے اور پھر ٹرافی اٹھانے کے منتظر ہیں۔