لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستانی شوٹرز نے ایشین شوٹنگ چیمپئن شپ میں ایک اور میڈل جیت لیا۔انڈونیشیا کے شہر جکارتہ میں جاری ایشین شوٹنگ چیمپئن شپ میں پاکستانی شوٹرز کشمالہ طلعت اور گلفام جوزف نے مسکڈ ٹیم ایونٹ میں برانز میڈل کیساتھ ملکی پرچم بلند کردیا۔ پاکستان کے میڈلز کی تعداد 2 ہوگئی۔10 میٹر ایئر پسٹل کیٹگری کے مسکڈ ٹیم ایونٹ کے برانز میڈل مقابلے میں پاکستان کا قازقستان کے شوٹرز سے مقابلہ ہوا جس میں کشمالہ طلعت اور گلفام جوزف نے دس پوائنٹس کی برتری سے کامیابی سمیٹ لی۔ پاکستان کا سکور 18 جبکہ قازقستان کا 8 رہا۔ کشمالہ طلعت نے 10 میٹر ایئر پسٹل انفرادی مقابلے میں سلور میڈل جیت کر پیرس اولمپکس میں براہ راست کوالیفائی کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بننے کا اعزازاپنے نام کیا تھا۔گلفام جوزف بھی پہلے ہی 2024 ء کے پیرس اولمپکس کیلئے کوالیفائی کرچکے ہیں۔
ایشین شوٹنگ چیمپئن شپ‘پاکستان نے ایک اور میڈل جیت لیا
Jan 10, 2024