لاہور (سپورٹس رپورٹر )پولیس ملازمین کے بچوں میں ہاکی کے فروغ کیلئے پنجاب پولیس اور خواجہ جنید ہاکی اکیڈمی کے درمیان ایم او یو طے پا گیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور خواجہ جنید نے سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں ایم او یو پر دستخط کئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ ایم او یو کے تحت پنجاب پولیس اور خواجہ جنید ہاکی اکیڈمی سے مل کر ہاکی کے فروغ کیلئے مشترکہ اقدامات کریں گے۔ ہاکی کے کھیل سے وابستہ بچوں اور نوجوان کھلاڑیوں کو ہاکی کا سامان، ٹریننگ اور سرپرستی فراہم کی جائیگی۔پولیس ملازمین کے بچوں کو ہاکی سکھانے کیلئے خواجہ جنید اکیڈمی فری کوچنگ اور ہاکی کٹس فراہم کریگی۔ ہاکی کھلاڑیوں کے انتخاب اور ٹریننگ کیلئے سپورٹس کیمپ لگائے جائیں گے ، کھلاڑیوں کی کوچنگ کی جائیگی۔پنجاب پولیس خواجہ جنید ہاکی اکیڈمی کیساتھ موثر کوارڈینیشن کیلئے فوکل پرسن تعینات کریگی۔اولمپئئن خواجہ جنید نے پنجاب پولیس کے ساتھ ایم او یو کو ہاکی کے مستقبل کیلئے خوش آئند قرار دیا اور کہ پنجاب پولیس کیساتھ مل کر ہاکی مقابلوں کے انعقاد ، ورکشاپ اور ٹریننگ پروگرام کا انعقاد کریں گے۔پنجاب پولیس کیساتھ مل کر ہاکی کے نئے ٹیلنٹ کو اجاگر کیا جائیگا اور مستقبل کیلئے نئے کھلاڑیوں کی کھیپ تیار کی جائیگی۔