عام طور پر نیوز کاسٹر یا براڈ کاسٹر دنیا بھرکی خبریں پیش کرتی ہیں مگر امریکی ’سی این این‘ کی ایک براڈ کاسٹر نے اپنی ہی بیماری کا آن ایئراعلان کرکے ناظرین کو حیران کردیا۔
ایک دُکھی آن ایئر پیغام کے ساتھ ’سی این این‘ کی اینکر سارہ سڈنر نے اعلان کیا کہ انہیں تیسرے درجے کا چھاتی کاکینسر ہے۔ انہوں نے خواتین سے سالانہ میموگرام کروانے پر زور دیا۔51 سالہ براڈکاسٹر نے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کردہ ویڈیو میں کہا کہ "اپنے وقت کا ایک سیکنڈ نکال کر صرف ان 8 خواتین کے نام یاد رکھیں جن سے آپ محبت کرتے ہیں۔ آپ کو بس انہیں اپنی انگلیوں پر گننا ہے۔ اگر ان میں سے کسی کو چھاتی کا کینسر ہو جائے توآپ کیا سوچیں گے۔ درحقیقت میں اپنے دوستوں کے آٹھ رکنی گروپ میں ہوں۔ میرے دوستوں اور چاہنے والوں کے لیے یہ بُری خبر ہے انہوں نے کہا کہ"میں کبھی بیمار نہیں رہی۔ میں سگریٹ نہیں پیتی اور میں شاذ و نادر ہی شراب پیتی ہوں۔ میرے خاندان میں بریسٹ کینسر کا کوئی واقعہ نہیں تاہم میں اس کے تیسرے مرحلے میں ہوں۔ یہ کہنا مشکل ہے"۔آہوں اورآنسوؤں کے ساتھ انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ "میری تمام بہنوں کے لیےپیغام ہے کہ آپ کی جلد کا رنگ کچھ بھی ہو براہ کرم ہر سال ایک میموگرام کروائیں۔ ہم نے خود بھی معائنہ کیا۔ آپ بھی بیماری کا جلد پتہ لگانے کی کوشش کریں مشہور براڈکاسٹر نے کینسر کو زندگی کی تعریف کرنے کی اجازت دینے پر بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ "یہ وہ چیز ہے جس کی مجھے توقع نہیں تھی۔ میں نے کینسر کا شکریہ ادا کیا کیونکہ اس نے مجھے منتخب کیا۔ پاگل پن، زندہ رہنا مزید لذیذ ہو گیا ہے"۔انہوں نے کہا کہ"میں زیادہ خوش ہوں کیونکہ میں ان چھوٹی، احمقانہ چیزوں پر توجہ نہیں دیتی جو پہلے مجھے پریشان کرتی تھیں۔ اب ہر دن جب میں ایک اور سانس لیتی ہوں میں یہ جشن منا سکتی ہوں کہ میں اب بھی آپ کے ساتھ ہوں۔ میرے ساتھی، دوست اور خاندان اور میں پیار کر سکتے ہیں، رو سکتے ہیں اور ہنس سکتے ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سڈنر کیموتھراپی کے دوسرے مہینے میں ہیں اور وہ ریڈی ایشن تھراپی اور ڈبل ماسٹیکٹومی سے گزرنے والی ہیں۔