دورہ نیوزی لینڈ: قومی کرکٹرز کا 3گھنٹے پریکٹس سیشن، اوپننگ جوڑی تبدیل ہونے کا امکان

لاہور(سپورٹس رپورٹر)نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم نے آکلینڈ میں ٹریننگ کا آغاز کر دیا ۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز 12 سے 21 جنوری تک نیوزی لینڈ میں ہوگی۔ سیریز کا پہلا میچ جمعہ کو آکلینڈ میں کھیلا جائیگا، شاہین آفریدی قومی ٹیم کی قیات کریں گے جبکہ محمد رضوان کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔قومی کرکٹ ٹیم نے آکلینڈمیں تین گھنٹے پریکٹس سیشن میں حصہ لیا،تمام کھلاڑیوں نے جم کر پریکٹس کی۔ قومی ٹیم کے ممکنہ بیٹنگ آرڈر کی تفصیلات سامنے آگئیں،آکلینڈ میں ٹریننگ سیشن کے دوران جارح مزاج اوپنر صائم ایوب اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے نئی گیند کیساتھ پریکٹس کی، جس سے تاثر مل رہا ہے کہ سیریز کے دوران دونوں کرکٹرز ہی بیٹگ کا آغاز کریں گے۔پریکٹس سیشن کے دوران پاکستانی بائولرز کپتان شاہین آفریدی، حارث رئوف اور زمان خان نے محمد رضوان اور صائم ایوب کو نئی گیند سے بائولنگ کروائی جبکہ بابراعظم کو سپن کیخلاف بیٹنگ کرتے ہوئے دیکھا گیا،کیویز کیخلاف ممکنہ طور پر بیٹنگ آرڈر میں رضوان اور صائم کو اوپننگ جوڑی کے طور پر شامل کیا جائیگا جبکہ بابراعظم اور فخر زمان تیسری اور چوتھی پوزیشن سنبھالیں گے۔اعظم خان بیٹنگ آرڈر میں پانچویں نمبر پر ہوں گے جبکہ افتخار احمد چھٹے نمبر پر فائر پاور فراہم کریں گے، تاہم حالات کے مطابق افتخار اور اعظم کی پوزیشنز کو تبدیل کیا جاسکتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن