کراچی ( کامرس رپورٹر ) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں منگل کو ملا جلا رجحان رہا ،مارکیٹ 64700پوائنٹس کی سطح کو چھونے کے بعد 64100پوائنٹس کی سطح پرآ گئی جبکہ 53.12فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں تاہم مارکیٹ کے سرمائے میں39ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔منگل کوسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت ہوا ،سرمایہ کاروں کی منافع بخش شعبوں میں خریداری کی بدولت ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 64786پوائنٹس کی سطح کو چھو گیا تھا تاہم پرافٹ ٹیکنگ کا عنصر غالب آنے سے ایک موقع پر انڈیکس 63800پوائنٹس کی پست سطح پر ٹریڈ ہوتا دیکھا گیا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میںمنگل کو کے ایس ای100انڈیکس میں66.45پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی جس سے انڈیکس 64237.03پوائنٹس سے کم ہو کر64170.58پوائنٹس ہو گیا اسی طرح 16.92پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای30انڈیکس 21472.63پوائنٹس سے گھٹ کر21455.72پوائنٹس ہو گیا پاکستان سٹاک مارکیٹ میں منگل کو12ارب روپے مالیت کے 44کروڑ89لاکھ90ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ پیر کو12ارب روپے مالیت کے 48 کروڑ40لاکھ12ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں منگل کو مجموعی طور پر 352کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے141کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،187میں کمی اور24کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
سٹاک مارکیٹ ‘ملا جلا رجحان‘سرمائے میں 39ارب کااضافہ
Jan 10, 2024