اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل سعید احمد شیخ کی والدہ انتقال کر گئیں۔ اہل خانہ کے مطابق مرحومہ کی نماز جنازہ منگل کو بعد نماز ظہر مرکزی عیدگاہ لودھراں میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں ممتاز سیاسی و سماجی شخصیات، عزیز و اقارب اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے اپنے تعزیتی بیان میں سعید احمد شیخ سمیت اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا والدہ کا انتقال اولاد کے لئے بڑا سانحہ ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سعید احمد شیخ کی والدہ مرحومہ کی روح کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ علاہ ازیں وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد نے ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان سعید احمد شیخ سے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ گزشتہ روز اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ سعید احمد شیخ کی والدہ کے انتقال کی خبر سن کر دلی افسوس ہوا، انہوں نے سوگوار خاندان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔