لاہور (خصوصی نامہ نگار) نائب امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث اور ممبر اسلامی نظریہ کونسل ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا ہے انتخابات کی گہما گہمی میں دہشت گردی کے واقعات الیکشن کے انعقاد کے بارے میں بے یقینی صورتحال پیدا کر رہے ہیں۔ بلوچستان، خیبر پختونخواہ میں پولیس سٹیشن مردان پر حملہ، ضلع کرم میں مسافروں کی وین پر فائرنگ، اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں معروف عالم دین مولانا مسعود الرحمن عثمانی کے قتل کے واقعات قابل مذمت ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ ریاستی ادارے دہشتگردی کے افسوسناک واقعات کے محرکات منظر عام پر لائیں۔ جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے کہ ملک میں امن و امان قائم کریں۔ میڈیا سیل کی طرف سے جاری بیان میں انہوں نے کہا جنرل الیکشن ہر صورت ہونے چاہیئں، دہشت گردی کے واقعات پہلے بھی ہوتے رہے ہیں۔ لہٰذا انتخابات کا ملتوی یا تاخیر کا شکار ہونا قومی مفاد میں نہیں ہو گا۔