اسلام آباد(وقائع نگار) نگران وفاقی وزیر قومی صحت و خدمات ڈاکٹر ندیم جان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ ملک کو فلاحی ریاست بنانے کے لیے نظام صحت کی بہتری ناگزیر ہے۔ ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ بہتری کے سفر کا آغاز اسی وقت ممکن ہے جب ایک حکومت ماضی کی حکومتوں کے صحت سے متعلق منصوبوں کو اپنا فرض سمجھ کر آگے بڑھائیں گی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اپنے دوست ملک چین سے شعبہ صحت کی بہتری میں مثالی استفادہ حاصل کر سکتا ہے۔نگران وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی، سیلاب اور کووڈ کا مقابلہ کیا ہے، جس کے بعد عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ پاکستان کی غذائی تحفظ کو ممکن بنانے اور وبائی امراض پر قابو پانے میں حوصلہ افزائی کریں۔ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ پاکستان ذیابیطس کی بیماری کے اعتبار سے دنیا میں سر فہرست ہے جس پر قابو پانے کے جامع انداز میں پروگرام جاری ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو 2030 تک پولیو فری ملک بنانے کے ایجنڈے کو تیزی سے آگے بڑھا رہے ہیں۔