لاہور (خبر نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نوازشریف نے پنجاب اسمبلی میں میڈیا کے خلاف منظور کی جانے والی قرارداد سے لاتعلقی ظاہر کرتے ہوئے اس کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔ گذشتہ روز قرارداد آنے کے بعد میڈیا کے احتجاج کے دوران نوازشریف نے ٹیلی فون کال کے ذریعہ اپنے ارکان اسمبلی سے استفسار کیا کہ یہ صورتحال کیونکر پیدا ہوئی قرارداد کس کے کہنے پر آئی اور کون سے ارکان اسمبلی اس حوالہ سے سرگرم تھے۔ جس پر مسلم لیگ (ن) کے ارکان نے کہا کہ یہ خود مسلم لیگ (ن) کے خلاف سازش ہے۔ نوازشریف نے کہا کہ وہ اس پر وزیر اعلیٰ شہباز شریف سے بات کریں گے۔ نوازشریف نے کہا کہ ہم ملک کے اندر آزاد عدلیہ اور ذمہ دارانہ صحافت کو جمہوریت اور جمہوری عمل کیلئے لازم سمجھتے ہیں‘ آزاد عدلیہ اور ذمہ دارانہ صحافت پر کسی کو اثرانداز نہیں ہونے دیں گے۔ آج پاکستان میں جمہوریت کی مضبوطی ضروری ہے لیکن بدقسمتی سے اداروں کو متاثر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے جعلی ڈگریوں کے ایشو پر اصولی موقف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ ڈگریوں کی پابندی آمر نے کیونکر اور کن مقاصد کیلئے لگائی لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ جعلی ڈگریوں کے حامل افراد کو سسٹم کا حصہ نہیں بننا چاہئے۔
نوازشریف / تحقیقات
نوازشریف / تحقیقات