بھارت کا کشمیری مجاہدین کی اعلیٰ قیادت کو شہید کرکے مسلح تحریک آزادی کو ختم کرنے کا منصوبہ۔ مجاہدین الیکشن سے قبل کشمیر میں داخل ہو کر کارروائیاں کرنا چاہتے ہیں اس لئے فوج نے انکے رہنماﺅں کو ختم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے: بھارتی اخبار کا انکشافبھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں آنیوالے الیکشن سے قبل جس طرح عوامی ردعمل اور بائیکاٹ کے خوف سے مجاہدین کی اعلیٰ قیادت کے خاتمے کے منصوبے بنا رہی ہے وہ نہایت خوفناک صورتحال کی عکاس ہے۔اس طرح مقبوضہ وادی میں حالات بہتر ہونا تو دور کی بات اسے سنبھالنا بھی دشوار ہو گا۔ ایک طرف بھارت سرکار مقبوضہ وادی میں صورتحال بہتر ہونے کی نوید سناتی ہے ترقیاتی کاموں کا ڈھنڈورا پیٹتی ہے۔ دوسری طرف وہ مجاہدین کی مسلح کارروائیوں اور بھارت کے غاصبانہ قبضے کیخلاف جاری تحریک سے خوفزدہ ہے اور اسرائیل نے فلسطینی قیادت کو ٹھکانے لگانے کیلئے جس طرح کے اقدامات کئے تھے اسی طرح بھارت بھی اب کشمیری اعلیٰ قیادت کو راہ سے ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے اسکے نتائج کیا نکلیں گے اس کا اندازہ بھارت کو فلسطین کی موجودہ صورتحال سے لگا لینا چاہئے جس کی اعلیٰ قیادت کو ختم کرنے کے باوجود اسرائیل کے زیر قبضہ فلسطینی علاقوں میں مسلح کارروائیاں اور عوامی مزاحمت کی تحریک اسی جوش و جذبے سے جاری ہے کیونکہ عوامی مزاحمت کی تحریکیں ان کے قائد کنٹرول تو کر سکتے ہیں مگر انکی موت اسے ختم نہیں کر سکتی۔