اسلام آباد(ثناءنیوز)وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال سے امریکی سفیر رچرڈ اولسن کی ملاقات مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون اور ملک میں ا من وامان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا امریکی سفیر نے پاکستان کو بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے بھر پور امداد کی یقین دہانی کرا دی۔امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال سے اسلام آباد میں ملاقات کی ملاقات میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان دو طرفہ تعاون خصوصاً ترقی، تعلیم، توانائی کے بحران پر گفتگو کی گئی۔ احسن اقبال نے امریکی سفیر کو بتایا کہ ملک کو درپیش توانائی کے بحران کی اصل وجہ سابقہ حکومتوں کی بد انتظامی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے توانائی کے بحران کو جنگی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے جامع منصوبہ تیار کیا ہے حکومت نے چودہ سال کا 500ارب روپے کا گردشی قرضہ صرف ایک ماہ میں ختم کر دیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں بڑے پیمانے پر وسائل موجود ہیں جنہیں غیر ترقی یافتہ قرار نہیں دیا جاسکتا۔ وفاقی وزیر نے پاکستان اور امریکہ کی یونیورسٹیوں کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کو خوش آئند قرار دیا۔ احسن اقبال نے امریکی حکومت سے کہا کہ وہ بھاشا ڈیم کے منصوبے میں تعاون فراہم کرے کیونکہ یہ پاکستان کی توانائی اور پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے اہم منصوبہ ہے امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے یقین دہانی کرائی کہ امریکہ بھاشا ڈیم سمیت پاکستان میں ڈیمز کی تعمیر کیلئے ہرممکن تعاون فراہم کریگا۔ اس موقع پر ملک میں امن و امان کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ حکومت امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے اس حوالے سے جلد مشاورت کیلئے سیاسی قیادت کا اجلاس بلایا جا رہا ہے۔