کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں منگل کو فائرنگ کے واقعات میں چھ افراد ہلاک اور تین زخمی ہو گئے جبکہ لیاری ایک بار پھرمیدان جنگ بن گیا اور شدید فائرنگ کے علاوہ راکٹ اور دستی بموں سے حملے کئے گئے جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت بائیس افراد زخمی ہوگئے اور دھماکوں سے زبردست خوف و ہراس پھیل گیا۔ تفصیلات کے مطابق ماری پور کے علاقے مشرف کالونی میں بدھ کو علی الصبح چند افراد مارکیٹ کی دوکانوں کے نالے توڑ رہے تھے کہ چوکیدار اشتیاق احمدنے انہیں للکارا تو انہوں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں اشتیاق احمد ہلاک ہو گیا۔ ادھر اورنگی ٹاﺅن سیکٹر سیون میں ابراہیم علی بھائی سکول کے نزدیک نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 30سالہ شخص ہلاک ہو گیا جبکہ لیاری کے علاقے بہار کالونی میں مبینہ طور پر گینگ وار کے ملزمان نے ایک شخص 30سالہ حنیف کچھی کو اغواءکے بعد فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ اسکی نعش ملنے کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پائی گئی۔ بعد میں منگل کی شام مسلح افراد نے ہنگور آباد میں شدید فائرنگ کی اور عید و لین، ذکری محلو، دوبئی چوک اور احمد شاہ بخاری روڈ پر راکٹ اور دستی بموں سے حملے کئے گئے جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 22 افراد زخمی ہو گئے جبکہ دھماکوں سے زبردست خوف و ہراس پھیل گیا۔ دریں اثناءڈاکس کے علاقے مچھر کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک نوجوان 26سالہ شعیب ولد اکرم زخمی ہو گیا صفورا گوٹھ میں فائرنگ کرکے 45سالہ شفاق کو زخمی کر دیا گیا جبکہ لانڈھی نمبر ساڑھے پانچ میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 50سالہ محمد اکرم زخمی ہو گیا۔ علاوہ ازیں محمود آباد میں مسلح افراد کی فائرنگ سے گھر کے باہر بیٹھے ہوئے دو افراد 28سالہ غلام مصطفی اور 14سالہ بلال زخمی ہو گئے جبکہ کھارا در میں فائرنگ کرکے 30سالہ محمد آصف کو فائرنگ کرکے زخمی کر دیا گیا۔
کراچی میں فائرنگ، 6افراد جاں بحق، لیاری میں بموں سے حملے، 22 زخمی
Jul 10, 2013