ملتان (نیوز ایجنسیاں) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ عمران خان غیر جمہوری رویہ ترک کریں، جمہوریت میں کوئی ڈیڈ لاک نہیں ہوتا وہ اسمبلی میں الیکٹورل ریفارمز لائیں ہم بھی الیکٹورل ریفامز کے حامی ہیں، چودھری برادران اور شیخ رشید کے ساتھ انقلاب کی باتیں گناہ کبیرہ ہیں، ڈاکٹر طاہرالقادری کا پارلیمنٹ میں کوئی وجود نہیں وہ کینیڈا جاکر اعتکاف میں بیٹھیں، مسلم لیگ ن میں کوئی اختلاف نہیں، چودھری نثار سمیت پارٹی کے تمام ارکان نوازشریف کی قیادت پر متفق ہیں۔ سرکٹ ہائوس ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عابد شیر علی نے کہا کہ پرویز الٰہی اور شجاعت حسین نے 6 سال میں پاکستان کو دہشت گردی کی آگ میں جھونکا ان کے ساتھ بیٹھ کر بات کرنا گناہ ہے۔ پرویز الٰہی اپنے گھر کی سیٹ بھی ہار گئے۔ عمران خان انہیں چور ڈاکو کہتے تھے آج انہی کے ساتھ بیٹھے ہیں 14 اگست کو مارچ پاکستان کی سالمیت کیخلاف مارچ ہوگا خیبر پی کے میں 8 لاکھ آئی ڈی پیز بے یارومددگار بیٹھے ہیں اور یہ مارچ کرنے کی تیاریاں کررہے ہیں ہم پاک فوج کے ساتھ مل کر ملکی سلامتی کیلئے لڑرہے ہیں اور وہ ملک دشمنوں کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں۔ طاہر القادری کینیڈا جائیں اور اعتکاف میں بیٹھیں۔ عید سے قبل شیخ رشید کی خواہشات کی قربانی ہوگی یہ لوگ ا پنے آپ کو سیل کرنے کی کوششیں کررہے ہیں لیکن لنگڑے گھوڑوں کا کوئی خریدار نہیں ہوتا یہ آخری عمر میں اللہ اللہ کریں۔ عمران خان چودھریوں کو چور ڈاکو کہتے تھے آج ان کے ساتھ بیٹھے ہیں ۔ طاہر القادری کا قدم کینیڈا کی طرف جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یا وزیراعلیٰ کے خلاف کرپشن کے ثبوت لائیں ہم استعفے دے دیں گے۔ شیخ رشید سیاسی یتیموں کے الماس بوبی ہیں، میں چیلنج کرتا ہوں کہ اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دو اور اپنے محلے کے 40,50 افراد کو اپنے احتجاج میں شامل کرکے دکھائیں میں ان لوگوں کی گنتی کرونگا۔ عمران خان کہتے تھے میں شیخ رشید کو منشی نہیں رکھتا لیکن آج وہ ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں عمران خان کے بیلٹ بکس نذر آتش کئے گئے ان کے کارکنوں کو قتل کیا گیا لیکن وہاں عمران خان نے لب سی لئے، وزیراعلیٰ کے پی کے کہتے ہیں کہ کے پی کے میں دھاندلی نہیں ہوئی سندھ میں آپ بولتے نہیں۔ بلوچستان میں نہیں بولتے فیصل آباد، بہاولپور میں جلسے کرتے ہیں۔ عمران خان کو چیلنج کرتا ہوں کہ کسی وزیر یا وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے خلاف ثبوت لائیں ہم استعفے دے دیں گے۔ ہمارا تن من دھن اپنی فوج کیلئے ہے جو مارچ کی باتیں کر رہے ہیں یہ پاکستان کی سلامتی کے خلاف ہیں۔ علاوہ ازیں وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا ہے کہ 132کے وی گرڈ سٹیشن کی اپ گریڈیشن سے ڈیرہ غازی خان اور اسکے نواحی علاقوں میں ٹرپنگ کا خاتمہ ہوگا اور اوور بلنگ کی مد میں عوام کو جن مشکلات کا سامنا تھا وہ دور ہو جائیں گی گرڈ سٹیشن کی اپ گریڈیشن پر کام کرنیوالے ملازمین کو 5 ہزار بونس کا اعلان کرتا ہوں۔ یہ بات انہوں نے ڈیرہ غازی خاں میں ماڈل ٹائون ڈی جی کے II،132کے وی گرڈ سٹیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیرہ غازی خان آکر نہایت خوشی محسوس ہو رہی ہے یہ غریبوں، محنت کشوں اور محبت بانٹنے والوں کا شہر ہے۔