لاہور(خصوصی رپورٹر)صوبائی وزیر داخلہ کرنل(ر) شجاع خانزادہ سے پاکستان میں اقوام متحدہ کے چیف سیکورٹی ایڈوائزر پارکراما سریوردنانے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ملاقات میں سکیورٹی معاملات اورباہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صوبائی وزیر نے پارکراما سریوردناکو دہشت گردی کے خاتمے اور نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے صوبہ میں کی جانے والی کارروائیوں کے بارے میں بریف کیا۔چیف سکیورٹی ایڈوائزر پارکراما سریوردنا جن کا تعلق سری لنکا سے ہے نے کرکٹ کے موضوع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہماری خواہش اور کوشش ہے کہ پاکستان آ کر کرکٹ کھیلیں اور سری لنکن ٹیم جلد پاکستان آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کے باوجود سری لنکا کے عوام اور کرکٹ ٹیم پاکستان کے بارے میں اچھی رائے رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا پاکستان میں کرکٹ ضرور کھیلے گا اور انہیں کسی قسم کا کوئی خوف نہیں ۔صوبائی وزیر نے چیف سکیورٹی ایڈوائزر کو بتایا کہ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف سری لنکا کی ترقی کی اکثر مثالیں دیتے ہیں اور سری لنکنز کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد جاری ہے اور امن وامان کے حوالے سے حالات بہت بہتر ہوتے جارہے ہیں۔