لاہور (نمائندہ سپورٹس) پاکستان ہاکی کو ایماندار اور وڑنری قیادت کی ضرورت ہے۔فیڈریشن کو ہر وقت فنڈز کے لئے حکومت کی طرف نہیں دیکھنا چاہئے۔بہت سا کام حکومت کے تعاون کے بغیر بھی ہو سکتا ہے۔حکومتی سطح پر کھلاڑیوں کے لئے خصوصی انعامات، کھلاڑیوں کی مستقل ملازمتوں کا مسئلہ حل کروایا جانا چاہئے باقی کام فیڈریشن خود کرے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر اور سیکرٹری سمیت دیگر اہم عہدیداروں کو خود مستعفی ہو جانا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار ہاکی کے عظیم کھلاڑی حسن سردار نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہاکی کو آج بھی سپانسر شپ مل سکتی ہے۔ملک میں آج بھی ٹیلنٹ موجود ہے اسے ڈھونڈنے اور نکھارنے کے لئے مناسب اقدامات کی ضرورت ہے۔حکومت کی سطح پر ہاکی پلیئرز کے لئے مراعات ہونی چاہئیں۔مجھے کپتان کا نان چنے والا بیان سنکر بہت دکھ ہوا ‘ ایسا نہیں ہونا چاہئے۔کھلاڑیوں کو پیسے اور عزت ملے گی تو انکی کارکردگی بہتر ہو گی۔ اچھی انتظامیہ اپنے کھلاڑیوں کی ضروریات کا خیال رکھتی ہے۔کھلاڑیوں کی مناسب دیکھ بھال نہ کی جائے تو وہ اچھے نتائج نہیں دیتے۔ حسن سردار کا کہنا تھا کہ ہم واپس آ سکتے ہیں لیکن اس کے لئے بہت محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ پی ایچ ایف انتظامیہ کو اب تک عہدوں کی جان چھوڑ دینی چاہئے تھی۔ اتنی خراب کارکردگی کے بعد کمبل بننے کی کیا ضرورت ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عہدیدار خود ہی مستعفی ہو جائیں : حسن سردار
Jul 10, 2015