پیر محل (نامہ نگار )شہر میں پانی بھرے مضر صحت گوشت کی مہنگے داموں فروخت جاری،شہری پیٹ کی موذی امراض کا شکار ہونے لگے۔تفصیل کے مطابق عرصہ دراز سے شہری اور دیہی حلقوں میں قصاب مبینہ طور پر پانی بھرے مضر صحت گوشت کی مہنگے داموں فروخت بلا خوف وخطرہ جاری رکھے ہوئے ہیں اور اکثر قصاب بااثر افراد کی آشیر آباد حاصل ہونے پر جانوروں کو سلاٹر ہائوس لے جانا بھی گوارہ نہیں کرتے ہوئے ۔بیمار یا زخمی جانوروں کو اونے پونے داموں خرید کر کے انہیں اپنے گھروں سے ذبح کر کے ان کا گوشت دکانوں پر رکھ کر فروخت کر دیا جاتا ہے اور کوئی قصاب بھی سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق گوشت فروخت کرنے کی زحمت گوارہ نہیں کرتااور یہ بات بھی علم میں آئی ہے کہ قصاب حضرات کنڈوں میں ناپ تول کے بھی ماہر ہیں ۔اگر کوئی صارف کم تول یا گوشت میں پانی کی موجودگی پر احتجاج کرتا ہے تو قصاب اسے بے عزت کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے اگر جائزہ لیا جائے تودیہات اور ملحقہ اڈوں پر موجود قصاب بیمار جانوروں کا گوشت فروخت کر کے کھلم کھلا انسانی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔مضر صحت گوشت کی فروخت سے درجنوں شہری پیٹ کی موذی امراض کا شکار ہو چکے ہیں۔مضر صحت گوشت کی فروخت کے دھندہ کو رکوانے کے لئے شہری اور دیہی حلقوں کے مکینوں نے ارباب اختیار سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔