پیر محل (نامہ نگار )سعودی عرب میں دھماکے اسلام دشمن قوتوں کی منظم سازش ،دکھ کی گھڑی میں قوم سعودی بھائیوں کے غم میں برابر شریک ہے۔بھارت کے اندر مسلمانوں پر مظالم اقوام عالم سے ڈھکے چھپے نہیں ۔ان خیالات کا اظہار صوبائی رہنماء پی ٹی آئی میاں اختر جاوید ایڈووکیٹ نے اپنے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کرہ ارض پر بسنے والے دو ارب مسلمانوں کی مذہبی عقیدت اور محبت کا محور ہے ۔کوئی سچا کلمہ گو مقدس ملک میں بم دھماکوں جیسی گھنائونی سازش کی جرات نہیں کر سکتا ۔حالیہ دہشت گرد کارروائیوں میں یقیناً اسلام دشمن قوتیں ملوث ہیں جو کسی صورت بھی اسلام کو پھلتا پھولتا نہیں دیکھ سکتیں ۔یہودوہنود اور صیہونی طاقتوں کا مقابلہ کرنے کے لئے امت مسلمہ کو اپنی صفوں میں اتحادویکجہتی کی فضاء کو قائم کرنا ہو گاتا کہ دہشت گردی کی لعنت سے نجات حاصل کی جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں قوم سعودی بھائیوں اور شہداء کے غم میں برابر شریک ہے ۔سعودی عرب کی حکومت اور عوام نے ہمیشہ کٹھن حالات میں ہمارا بھرپور ساتھ نبھایا ہے ۔ہم بھی مشکل گھڑی میں سعودی عوام اور حکومت کو تنہاء نہیں چھوڑیں گے ۔دنیا بھر کے دیگر ممالک میں جاری دہشت گردی کے پے درپے ہونے والے ہولناک واقعات حیران کن ہیں ۔اگر دہشت گردی کی لہر مستقبل میں بھی جاری رہی تو ڈر ہے کہ متعددممالک کے درمیان پائی جانے والی دوریاں عالمی جنگ میں تبدیل نہ ہو جائی۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے اندر انتہاء پسند ہندوئوں کی جانب سے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم بھی اقوام متحدہ سے ڈھکے چھپے نہیں اور ملک کے اندر ہونے والی دہشت گرد کارروائیوں میں بھارت کے ملوث ہونے کے ثبوت بھی منظر عام پر آچکے ہیںمگر ناقص حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے ہماری خود مختاری اور سلامتی بھی سوالیہ نشان بن چکی ہے۔اگر حکمرانوں نے لوٹ مار پر عوام کے سامنے سچ نہ بولا تو شروع ہونے والی تحریک حکومتی ایوانوں کو ہلا کر رکھ دے گی۔