اسلام آباد (جاوید صدیق) مسلح افواج کے سربراہوں نے عظیم سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کی نماز جنازہ میں شرکت کرکے اور ایدھی کی تدفین کا سارا عمل اپنے ہاتھ میں لے کر یہ پیغام دیا ہے کہ مسلح افواج اس شخصیت کو لائق تکریم سمجھتی ہیں جس نے ملک کی بے لوث خدمت کی ہو جس نے اپنی زندگی اور توانائی پاکستان کے لوگوں کی خدمت پر صرف کی ہو۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے عبدالستار ایدھی کی علالت کے دوران ان کی صحت یابی کیلئے دعا کی تھی۔ عبدالستار ایدھی کی میت فوج نے ان کے اہلخانہ سے لے لی اور اسے پورے فوجی اعزاز کے ساتھ نیشنل سٹیڈیم تک لائی تھی۔ ایدھی کی میت کو فوجی جوان اپنے کندھوں پر اٹھا کر جنازہ پڑھنے والوں کے سامنے لائے۔ اس سے پہلے انسانیت کی خدمت کرنے والے لیجنڈری کردار کو ایک فوجی گاڑی میں کھارادر سے نیشنل سٹیڈیم تک لایا گیا۔ جب ان کی میت تدفین کیلئے ایدھی ویلج لے جا رہے تھے تو آرمی چیف جنرل راحیل نے انہیں سلیوٹ کرکے رخصت کیا۔ عبدالستار ایدھی کی تدفین کے بعد فوجی جوانوں نے بگل بجا کر مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔ پاک فوج ‘ رینجرز پولیس اور بحریہ کے دستوں نے مرحوم کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ پاکستان کی تاریخ میں کبھی کسی سیاسی یا سماجی رہنما کی تدفین کا سارا عمل فوج نے اپنی تحویل میں نہیں لیا۔ صرف قائداعظم ایسی شخصیت تھے جن کی تدفین میں فوج نے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا تھا۔