ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں عبدالستار ایدھی کے انتقال پر تعزیتی اجلاس، ملک عظیم انسان دوست ہستی سے محروم ہو گیا: رفیق تارڑ

Jul 10, 2016

لاہور (خصوصی رپورٹر)عبدالستار ایدھی نے اپنی زندگی دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے وقف کر رکھی تھی۔ مرحوم سادگی اور عجز و انکساری کا پیکر تھے۔ ان کے انتقال سے ملک ایک عظیم انسان دوست ہستی سے محروم ہو گیا۔ ان خیالات کا اظہار تحریک پاکستان کے مخلص کارکن، سابق صدر مملکت اور چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان، لاہور میں نامور سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کے انتقال پر اظہار تعزیت کیلئے منعقدہ تعزیتی اجلاس کے دوران کیا۔ اس موقع پرنظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد، چیف کوآرڈی نیٹر میاں فاروق الطاف، چودھری نعیم حسین چٹھہ، معروف کالم نگار و دانشور ڈاکٹر محمد اجمل نیازی، بیگم مہناز رفیع، پروفیسر ڈاکٹر پروین خان، بیگم صفیہ اسحاق اور سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید سمیت مختلف شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات بڑی تعداد میں موجود تھے۔ محمد رفیق تارڑ نے مزید کہا کہ عبدالستار ایدھی کی خدمات کا اعتراف پوری دنیا کرتی ہے، ان کی سماجی اور فلاحی خدمات کو پوری قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ اللہ تعالیٰ عبدالستار ایدھی کی مغفرت اوردرجات بلند فرمائے اور ان کے لواحقین کواس عظیم سانحہ پر صبر و استقامت عطا فرمائے ۔ علامہ احمد علی قصوری نے عبدالستار ایدھی کے ایصال ثواب اور بلندیٔ درجات کیلئے فاتحہ خوانی کروائی۔

مزیدخبریں