لاہور (نمائندہ سپورٹس) دورہ انگلینڈ میں پریکٹس میچ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے 363 رنز کے جواب میں سسیکس کاؤنٹی نے5وکٹوں پر 291رنز بناکر اننگز ڈکلیئر کر دی ۔ پاکستان نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 71رنز بناکر مجموعی طور 143رنز کی برتری حاصل کرلی ۔گرین شرٹس نے دوسرے دن بیٹنگ نہیں کی۔ اس میچ کی خاص بات اظہر علی کی شاندار بیٹنگ تھی جنھوں نے 145 رنز بنائے۔یہ ان کی دورہ انگلینڈ میں دو میچوں میں دوسری سنچری ہے۔ ان کے علاوہ یونس خان (59) اور کپتان مصباح الحق (68) نے بھی پہلے ٹیسٹ سے قبل اچھی بیٹنگ پریکٹس کی۔تاہم اگر مصباح کو توقع تھی کہ ان کے بولر جلدی وکٹیں حاصل کر کے سسیکس کے بلے بازوں پر دباؤ ڈال سکیں گے تو انگلش کاؤنٹی کے اوپنرز کے ارادے مختلف تھے۔ انھوں نے ایک روزہ کرکٹ کے انداز میں کھیلتے ہوئے اور کسی پاکستانی بائولر کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے 212رنز کی شراکت مکمل کی۔ویلز93‘فنچ103‘میکن تیرہ اور وکٹ کیپر کپتان برائون صفر ‘کریگ کاچوپا انیس رنزپر آئوٹ ہوئے‘سالٹ 37رنز پر ناٹ آئوٹ رہے ۔ وہاب ریاض اور عمران خان نے دو دو ‘ذوالفقار بابر نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔پاکستان نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 71رنز بناکر مجموعی طور 143رنز کی برتری حاصل کرلی ۔محمد حفیظ دوسری اننگز میں بھی ناکام رہے اور صرف 23رنز بناکر چلتے بنے ۔شان مسعود 38اور اظہر علی 9رنز بناکر کھیل رہے ہیں ۔واحد وکٹ آرچر نے حاصل کی ۔تاہم پاکستان کے لیے خوش آئند بات یہ ہے کہ اس دورے میں اس کے اہم بلے باز اظہر علی، یونس خان اور اسد شفیق فارم میں نظر آ رہے ہیں۔اس بات کا پاکستان کو 14 جولائی کو شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں فائدہ ہو سکتا ہے۔سسیکس نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی لیکن پاکستان کا آغاز اچھا نہیں رہا اور شان مسعود صرف چار رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ دوسرے اوپنر محمد حفیظ بھی 17 رنز بناکر آرچر کا شکار بنے۔اس کے بعد اظہر علی نے پہلے یونس خان کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 125 رنز اور پھر کپتان مصباح الحق کے ساتھ 146 رنز کی اہم شراکت داریاں قائم کیں۔اپنی اننگز کے دوران یونس خان اور اظہر علی نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں بالترتیب اپنے 16 ہزار اور آٹھ ہزار رنز بھی مکمل کیے۔اس سے قبل سمرسیٹ کے خلاف یونس خان نے پہلی اننگز میں سنچری سکور کی تھی جبکہ اظہر علی نے دوسری اننگز میں سنچری بنائی تھی۔سسیکس کی جانب سے اپنا پہلا میچ کھیلنے والے ویسٹ انڈیز کی انڈر 19 ٹیم کے آل راؤنڈر جوفرآرچر نے پانچ میں سے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک وکٹ برگز نے حاصل کی۔
پریکٹس میچ سسیکس کے خلاف پاکستان کی مجموعی برتری143 رنز،9 وکٹیں باقی
Jul 10, 2016