عبدالستار ایدھی کیلئے ”فادر ٹریسا“ غریبوں کے ہیرو کا لقب‘ غیرملکی میڈیا کا زبردست خراج عقیدت‘عظیم انسان دوست تھے: بانکی مون

Jul 10, 2016

کراچی + واشنگٹن+اقوام متحدہ (آن لائن+ خصوصی رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کے انتقال کی خبر پوری دنیا میں پھیل گئی۔ غیرملکی میڈیا نے بھی عبدالستار ایدھی کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ عہد ساز شخصیت عبدالستار ایدھی کے انتقال پر پوری دنیا سوگوار ہے۔ مغربی ، یورپی اور عرب میڈیا نے عبدالستار ایدھی کے انتقال کی خبر نمایاں طور پر نشر کی۔ واشنگٹن پوسٹ نے لکھا عبدالستار ایدھی پاکستانی غریبوں اور ضرورت مندوں کے ہیرو تھے۔ الجزیرہ نے انہیں پاکستان کی مدر ٹریسا لکھا۔ دی گارڈین نے انہیں اینجل آف مرسی کہہ کر خراج عقیدت پیش کیا۔ دی ٹیلی گراف نے لکھا پاکستانی انسان دوست عبدالستار ایدھی انتقال کرگئے۔ میل آن لائن نے انہیں لیجنڈری پاکستانی سوشل ورکر کہا۔ نیویارک ٹائمز نے عبدالستار ایدھی کو پاکستانی فادر ٹریسا کا لقب دے دیا۔ ٹائمز آف انڈیا ، زی نیوز ، ہندوستان ٹائمز ، انڈین ایکسپریس سمیت بھارتی میڈیا نے بھی انسانیت کے مسیحا عبدالستار ایدھی کی خدمات کو سراہا۔ امریکی میڈیا نے انہیں خدائی خدمت گار قرار دیا ہے۔قوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری بانکی مون نے عبدالستار ایدھی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ سماجی انصاف کی زندہ مثال تھے۔ نائب ترجمان فرحان حق کے مطابق سیکرٹری جنرل نے کہا کہ انہوں نے اپنی انسانی ہمدردی سے لاتعداد لوگوں کی زندگی کو بدل دیا تھا ان کا کہنا تھا کہ ہم ان کے خاندان اور پاکستانی قوم سے عظیم انسان دوست کے چلے جانے پر تعزیت کرتے ہیں۔
بانکی مون
عالمی میڈیا

مزیدخبریں