لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید خاور شاہ کا کہنا ہے کہ نومبر میں پاکستان اور بھارت کے درمیان تین بیس بال میچوں کی سیریز دبئی میں کرائی جائے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سلسلہ میں بھارتی بیس بال فیڈریشن کے حکام سے بات ہو گئی ہے۔ دبئی میں پاکستانی انٹرنیشنل ایسوسی ایشن ہمارے ساتھ اس کام کے لیے بھرپور تعاون کر رہی ہے۔ پاکستان اور بھارت کی بیس بال ٹیموں کے دبئی میں میچ سے کھیل کو ایشیا میں ترقی ملے گی۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالات ساز گار نہ ہونے کی بنا پر پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان عرصہ دراز سے کوئی میچ نہیں کھیلا جا سکا ہے۔ دبئی میں پاکستان انٹرنیشنل ایسوسی ایشن کے تعاون سے ہونے والے میچ سے دونوں ممالک کے تعلقمات میں مزید بہتری آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ رواں سال پاکستان کی مینز اور ویمنز ٹیموں کے ساتھ ساتھ جونیئر ٹیم کی بھی انٹرنیشنل مصروفیات ہیں اس کے باوجود نومبر میں پاکستان بھارت تین میچوں کی سیریز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ میگا ایونٹ کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں جیسے ہی انتظامات کو حتمی شکل دی جائے گی اس سلسلہ میں تمام تفصیلات میڈیا کو جاری کی جائیں گی۔ سید خاور شاہ کا کہنا تھا کہ اس سلسلہ میں دبئی میں میری پاکستان انٹرنیشنل ایسوسی ایشن کے حکام کے ساتھ ملاقات ہوئی ہے جنہوں نے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔