راولپنڈی ( نوائے وقت رپورٹ) عوامی مسلم لیگ کے صدر اور قومی اسمبلی کے رکن شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پریس کانفرنس کرنے والے چار وفاقی وزراءکو توہین عدالت کا نوٹس دیا جائے۔ یہ چاروں وزارت عظمی کے امیدوار لگتے تھے جبکہ شہباز شریف ‘ چوہدری نثار اور اسحاق ڈار ان سے الگ تھلگ ہیں۔ اسحاق ڈار نے پریس کانفرنس میں عمران خان کیخلاف نازیبا زبان استعمال کی تھی اگر نوازشریف نے جے آئی ٹی کی رپورٹ بارے عدالت سے رجوع کیا تو میں سپریم کورٹ میں نوازشریف کو طلب کرنے کی درخواست کروں گا اگر فیصلہ ہمارے خلاف ہوا تو ہم قبول کر لیں گے اگر نوازشریف اور مسلم لیگ ن نے فوج اور عدلیہ کے خلاف کو ئی اقدام کیا تو عمران خان اور ہم ڈٹ کر مخالفت کریں گے ۔ اتوار کو یہاں لال حویلی میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قطری شہزادے نے کھیل خود ہی ختم کر دیا جب وہ کہتا ہے کہ وہ پاکستانی عدالتوں کا دائرہ سماعت مانتا ہی نہیں۔ میں حکومت کو انتباہ کرتا ہوں کہ وہ سپریم کورٹ پر کسی بھی قسم کا شب خون مارنے کی حکمت عملی ترک کر دے‘ یہ 1997ء نہیں ہے عوام سڑکوں پر ہوں گے بریف کیس کی سیاست اب نہیں ہونے دیں گے اب انہیں امریکہ بھی نہیں بچا سکتا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میں پی ٹی آئی میں شامل نہیں ہوں گا این اے 56-55 سے الیکشن پی ٹی آئی کے ساتھ مل کر لڑوں گا ہر مشکل وقت میں عمران خان کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔
شیخ رشید
پریس کانفرنس کرنے والے وزراءکو توہین عدالت کا نوٹس دیا جائے‘ شیخ رشید
Jul 10, 2017