حب، سیہون(آئی این پی ) گوادر سے کراچی جانے والی مسافر کوچ کھائی میں جا گرنے سے 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ سیہون میں مزدا اور رکشے کے درمیان تصادم میں 5 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔ادھر قلعہ سیف اللہ میں ٹرک خانہ بدوشوں کی جھونپڑی پر چڑھ گیا جس سے 2افراد ہلاک اور14زخمی ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق گوادر سے کراچی جانے والی مسافر کوچ کنڈ ملیر کے قریب کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔ پاکستان کوسٹ گارڈ کے اہلکار اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا ۔دوسری جانب سیہون میں شاہ انڈس ہائی وے پر لکی شاہ صدر کے قریب حیدرآباد سے آنے والے تیز رفتار مزدا نے سیہون سے کراچی جانے والے چنگچی رکشہ کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں رکشے میں سوار ایک ہی خاندان کے 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق، جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے۔ مرنے والوں میں 2 خواتین اور 2 سالہ بچہ بھی شامل ہے۔ زخمیوں کو عبداللہ شاہ میڈیکل انسٹیٹوٹ آف ہیلتھ اینڈ سائنس منتقل کر دیا گیا ۔ ریسکیو حکام کے مطابق تمام افراد کا تعلق کراچی سے تھا اور حضرت قلندر لعل شہباز کے مزار پر حاضری کے بعد کراچی جا رہے تھے۔ پولیس نے مزڈا گاڑی کو تحویل میں لے کر ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔ اتوار کو قلعہ سیف اﷲ کے علاقے علی خیل کے قریب خانہ بدوشوں کی جھونپڑیوں پر ٹرک چڑھ گیا۔ حادثے میں دو خانہ بدوش جاں بحق جبکہ چودہ زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں خواتین بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ حادثے میں کئی مویشی بھی مارے گئے جبکہ حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔