کراچی ( نیوز رپورٹر)پاسبان کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد نے کہا ہے کہ نیب کے خلاف قانون منظور کرنے پر سندھ اسمبلی کو ڈھا دیا جائے ، سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کے ارکان سندھ اسمبلی ”کرپشن مافیا“ کے سرپرست بن گئے ہیں۔ نیب آرڈی نینس کے خلاف بل کی منظوری سندھ اسمبلی کی تاریخ کا سیاہ کارنامہ ہے ۔ ملک کو بچانے اور کرپشن مافیا سے ہمیشہ کے لئے نجات حاصل کرنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ عوام ظلم و جبر کے خلاف متحد ہو کر اٹھ کھڑے ہوں اور میدان سیاست میں کرپشن مافیا کو عبرتناک شکست سے دوچار کریں ۔بدعنوانی کو تحفظ فراہم کرنا سب سے بڑا سنگین جرم ہے ۔ وہ کراچی پریس کلب کے باہر پاسبان کے زیر اہتمام منفرد احتجاجی مظاہرے سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر خوفناک کرپشن مافیا کے کردار پر مبنی ماسک پہنے ہوئے کرپٹ چہروں کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا گیا۔ پاسبان مظاہرین نے بینر اٹھا رکھا تھا جس پر سندھ اسمبلی کے سیاہ کارنامے کے خلاف اردو اور انگریزی میں نعرے درج تھے۔ اس موقع پر پاسبان ڈسٹرکٹ ویسٹ کے صدر ظفر اقبال ،اورنگی کے زونل آرگنائزرز حید ر علی ،سنان ،محمداقبال، عظیم خان ،پاسبان ڈسٹرکٹ ساﺅتھ کے صدر اکرم آگریا ،لیاری کے زونل آرگنائزرز عابد حسین بلوچ ،اختر قریشی ،امجد بلوچ ،جاوید اقبال ،اللہ دوست ،راشد خان ڈسٹرکٹ سینٹرل کے صدر سیف الاسلام بخاری ،نارھ کراچی کے زونل آرگنائزر محمد رضوان و دیگر بھی موجود تھے ۔