لاہور (ندیم بسرا) لیسکو کی گھریلو، کمرشل صارفین کے بلوں پر پرنٹنگ تصویروں کی کامیابی کے بعد انڈسٹری اور ٹیوب ویل صارفین کے جولائی کے بلوں پر ریڈنگ تصویروں کے ساتھ شروع کی جائے گی۔ کسٹمر سروسز ڈائریکٹر لیسکو مرزا خالد نے نوائے وقت کو بتایا چیف ایگزیکٹو لیسکو واجد علی کاظمی کی ہدایات اور کوششوں کے بعد لیسکو میں ڈی فیکٹو میٹرز کے بحران پر قابو پا لیا ہے۔ چند ماہ قبل ڈی فیکٹو میٹرز کی تعداد ایک لاکھ 92 ہزار تھی جو 50 ہزار رہ گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا حیف ایگزیکٹو لیسکو اور بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اس بحران پر قابو پانے میں اہم کردار ادا کیا۔ نئے کنکشن کی درخواستوں کو مرحلہ وار نمٹایا جا رہاہے۔ یکم جولائی سے نئے کنکشنوں کی التوا کی درخواستیں حل کی جا رہی ہیں۔ اس کے ساتھ لیسکو میں میٹر ریڈنگ کی تصویروں کا گھریلو اور کمرشل صارفین کا تجربہ بہت کامیاب رہا۔ اب یکم جولائی سے تمام انڈسٹری اور ٹیوب ویل صارفین کے بل کی ریڈنگ تصویروں کے ساتھ بھجوائی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا قصور سرکل میں ٹیوب ویل صارفین کے لئے سہولت مہیا کی گئی ہے کہ ان کے خراب میٹر ایک ٹیلی فون کال پر بدل دئیے جائیں گے صارفین کو اس سلسلے میں دفتر آنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، ایس ڈی او، ایکسیئن کو سرکاری نمبر پر ایس ایم ایس کرکے شکایت کا ازالہ کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا لیسکو کے صارفین کی تعداد42 لاکھ ہو چکی ہے۔ لہٰذا ہم نے سسٹم کو بہتر بنانے کے لئے تمام تر اقدامات کئے ہیں اس کے ساتھ فیلڈ میں کام کرنے والے ملازمین کے لئے سیفٹی کو سب سے اہم رکھا ہے تمام سرکلز ڈویژنز اور سب ڈویژنز میں سیفٹی سیمینار کرائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نئے مالی سال کے پہلے ہفتے سے کامیاب ریکوری مہم چلانی شروع کر دی ہے۔
لیسکو
لیسکو رواں ماہ انڈسٹری، ٹیوب ویل صارفین کو تصویروں والی ریڈنگ شروع کرے گی
Jul 10, 2017